اسلام آباد (مشرق نیوز) وفاقی حکومت نے بجلی صارفین کیلئے سبسڈی نظام کا موجودہ طریقہ کار ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاور سبسڈی کا موجودہ نظام ختم کر کے جنوری 2027 سے نیا ٹارگٹڈ سبسڈی نظام نافذ کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے، نئے میکنزم کے تحت بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت بجلی سبسڈی ملے گی، صرف مستحق افراد کو سبسڈی کیلئے بی آئی ایس پی ڈیٹا کی بنیاد پر صارفین کی نشاندہی ہوگی۔
حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان سبسڈی میکنزم کو تبدیل کرنے پر معاہدہ طے پا گیا، پاور سیکٹر میں سبسڈی سے متعلق اصلاحات پر آئی ایم ایف کو تحریری یقین دہانی کرائی گئی ہے، نئے میکنزم میں تبدیلی سے ٹیرف ڈیفرینشل اور کراس سبسڈی نظام ختم کر دیا جائیگا۔
ذرائع کے مطابق اقدام سے کم یونٹس ظاہر کرنے کیلئے متعدد میٹرز کے استعمال کا راستہ روکا جائیگا، بجلی صارفین کو نیشنل سوشیو اکنامک رجسٹری سے منسلک کرنے پر کام کا آغاز ہوگا، عالمی بینک کے تعاون سے مستحق صارفین کی تصدیق کا نیا نظام متعارف کرایا جائے گا، پاور سبسڈی ادائیگی کیلئے بیرونی فرم کی خدمات رواں ماہ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اصلاحات کے تحت حکومت آبپاشی نظام میں بھی تبدیلی کیلئے اقدامات کریگی، آبپاشی نظام میں اصلاحات کیلئے ای آبیانہ سسٹم ملک بھر میں نافذ کیا جائیگا۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی ڈیجیٹل ای آبیانہ نظام نافذ کیا جائیگا، پنجاب میں ای بیانیہ نظام پہلے سے لاگو، باقی صوبوں میں اب نافذ ہوگا۔
یاد رہے کہ 1.2 ارب ڈالر قرض قسط کیلئے آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس کل ہوگا۔
بجلی کی سبسڈی نظام کا موجودہ طریقہ کار ختم کرنے کا فیصلہ



















