روسی صدر سے خطے کی موجودہ صورتحال پر گفتگو ہوگی: ایرانی وزیر خارجہ

ماسکو (مشرق نیوز) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ پہنچ گئے ہیں جہاں وہ روسی صدر ولادمیر پیوٹن سمیت اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ دورہ تہران اور ماسکو کے درمیان علاقائی اور عالمی امور پر قریبی مشاورت کو جاری رکھنے کیلئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر پیوٹن سے ملاقات موجودہ جنگی صورتحال اور اسکی تازہ پیشرفت پر بات چیت کا ایک اہم موقع ثابت ہوگی۔ ارنا کے مطابق عباس عراقچی نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کو ’انتہائی مفید‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاں ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے عمان کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان آبنائے ہرمز کی صورتحال پر اہم بات چیت ہوئی۔ انکا کہنا تھا کہ چونکہ ایران اور عمان اس اہم آبی گزرگاہ کے ساحلی ممالک ہیں اسلئے دونوں کے درمیان مسلسل رابطہ اور ہم آہنگی ضروری ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب آبنائے ہرمز سے گزرنے والی عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایران اور عمان کے درمیان اس معاملے پر اعلیٰ سطح کا اتفاق پایا جاتا ہے اور دونوں ممالک نے ماہرین کی سطح پر مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق روس، پاکستان اور عمان کیساتھ ایران کے بڑھتے سفارتی روابط خطے میں جاری کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔