لاہور (نمائندہ خصوصی) لاہور کے تاریخی حضوری باغ میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے سکھ یاتریوں کے اعزاز میں شاندار کلچرل نائٹ اور عشائیے کا اہتمام کیا گیا جس میں صوبائی وزرا، اعلیٰ حکام اور بڑی تعداد میں سکھ یاتریوں نے شرکت کی، تقریب میں پنجاب کی ثقافت، رواداری اور مہمان نوازی کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا،تقریب میں صوبائی وزیر اقلیتی امور و پردھان پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی رمیش سنگھ اروڑہ نے خصوصی طور پر شرکت کی، جبکہ صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، عظمٰی کاردار، کمشنر لاہور مریم خان اور ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز بھی موجود تھے،سکھ یاتریوں نے تقریب میں بھرپور جوش و خروش کا اظہار کیا، ڈھول کی تھاپ پر جھومتے رہے،اس موقع پر پنڈال’ ’جو بولے سو نہال“ اور ”پاکستان زندہ باد“ کے نعروں سے گونج اٹھا،مزاحیہ فنکاروں سلیم البیلا، افتخار ٹھاکر اور جواد وسیم کی پرفارمنس نے تقریب کو مزید رنگین بنا دیا، رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا بھارت اور دیگر ممالک سے آنے والے تمام سکھ سنگت کو وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے ”جی آیا نوں“ کہا جاتا ہے، پنجاب میں سکھ یاتریوں کےلئے بہترین انتظامات پر وہ وزیراعلیٰ پنجاب کے شکر گزار ہیں، سکھ یاتریوں کو لاہور کے تاریخی اور ثقافتی مقامات کی سیر بھی کرائی گئی تاکہ وہ پنجاب کے مثبت اور تاریخی تشخص سے آگاہ ہو سکیں، پاکستان ہمیشہ سکھ برادری کےلئے اپنے دروازے کھلے رکھے گا اور ویزا پالیسی میں سہولیات کا سلسلہ جاری رہے گا،تقریب کے اختتام پر سکھ یاتریوں نے پاکستان اور پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی سکھ یاتریوں کےلئے رنگا رنگ تقریب، بیساکھی کی خوشیاں دوبالا


















