وزیراعظم کاسعودی ولی عہد،امیر قطر کو فون،حملوں کی مذمت،مکمل اظہار یکجہتی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف کاسعودی ولی عہد،امیر قطر کو فون،حملوں کی مذمت،مکمل اظہار یکجہتی،ہمیشہ ساتھ کھڑے رہنے کی یقین دہانی کرادی۔

شہبازشریف نے خطے میں امن کیلئے پاکستانی کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہاعلاقائی استحکام کیلئے فوری طور پر جنگ کا خاتمہ ضروری ہے،پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا، سعودی ولی عہد نے پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا،دونوں رہنماوں نے مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور کشیدگی کے اثرات پر تبادلہ خیال،خطے کی سلامتی کو درپیش خطرات پر تشویش کا اظہار کیا۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کو فون کیا،عید کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے قطر و دیگر برادر خلیجی ممالک کےخلاف حملوں کی شدید مذمت،قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیااور امیر قطر ،عوام کو مشکل وقت میں مکمل یکجہتی و حمایت کا یقین دلایا۔

شہبازشریف نے پاکستان کی سفارتی رسائی و امن کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئے تمام فریقوں سے کشیدگی کم کرنے ، بات چیت و سفارت کاری کے ذریعے اپنے اختلافات کو حل کرنے پر زور دیا ، امیر قطر نے علاقائی امن کےلئے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کو سراہا، دونوں رہنماﺅں نے آنے والے دنوں میں قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

ادھر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے یورپی یونین کی نائب صدر اور ملائیشیا کے وزیر خارجہ سے خطے و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا،اسحاق ڈار نے عالمی کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا امن و استحکام سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے،ٹیلی فونک رابطے میںقریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیاگیا۔

دریں اثناترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے میڈیا کو ہدایت کی مشرق وسطیٰ اور خلیج فارس میں جاری تنازعات پرپاکستان کے بارے میں چلائی جانے والی افواہوں و قیاس آرائیوں سے پرہیز کرے،متعدد میڈیا اور شہری حلقوں کی جانب سے تبصرے یا تصدیق کی درخواستیں حقیقت پر مبنی نہیں،کسی بھی سفارتی یا مذاکراتی کارروائی پر خفیہ معلومات کا تحفظ ضروری ہے اور میڈیا کو صرف سرکاری اعلامیے و تصدیق شدہ معلومات کا انتظار کرنا چاہیے۔

طاہر اندرابی نے کہا سفارتکاری ،مذاکرات میں احتیاط اور رازداری بنیادی اہمیت رکھتی ہے،قیاس آرائی سے گریز کیا جائے اور کسی بھی فیصلے یا نتائج کیلئے صرف سرکاری اعلان کا انتظار کریں۔