لاہور: (خبر نگار )سابق صوبائی وزیر اور چیئرمین و صدر یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) ابراہیم حسن مراد نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازکی جانب سے نجی جامعات کے طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کرنے کی منظوری کو قابل تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا فیصلے سے لاکھوں طلبہ ڈیجیٹل تعلیم اور جدید مہارتوں تک موثر رسائی حاصل کر سکیں گے، ملک کے تعلیمی نظام میں نجی تعلیمی ادارے 46 فیصد طلبہ کو معیاری اعلیٰ تعلیم فراہم کر رہے ہیں اس لیے نجی جامعات کے طلبہ کو قومی تعلیمی پالیسیوں میں برابر کا حصہ دیا جانا چاہیے۔
سابق صوبائی وزیر نے کہا نجی جامعات نہ صرف معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہیں بلکہ وظائف، تحقیقی مواقع اور نوجوانوں کی کردار سازی میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں، نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں اور ان پر سرمایہ کاری ہی روشن، مستحکم اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہے، لیپ ٹاپ سکیم کو مزید موثر بنانے کے لیے ان میں 100 سے زائد تصدیق شدہ اور ہنر پر مبنی کورسز کی شمولیت نہایت ضروری ہے تاکہ طلبہ تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی مہارتیں بھی حاصل کر سکیں، طلبہ کو مفت یا رعایتی انٹرنیٹ سہولت فراہم کی جائے تو روزگار، فری لانسنگ اور ڈیجیٹل کاروبار کے وسیع مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
نوجوانوں کو لیپ ٹاپ، انٹرنیٹ ، ہنر سے بااختیار بنانا قومی ضرورت ہے، ابراہیم حسن مراد


















