کوئٹہ میں ٹرین دھماکہ دہشت گردی کی سنگین کارروائی ہے: انتونیو گرتریس

نیویارک (مشرق نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ٹرین کو نشانہ بنانے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کی سنگین کارروائی قرار دیا ہے۔ سیکرٹری جنرل کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس افسوسناک واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردی کسی بھی شکل یا صورت میں قابل قبول نہیں اور ایسے حملوں میں ملوث عناصر کو بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اس موقع پر پاکستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں میں اس کے ساتھ کھڑی ہے۔