اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہبازشریف اپنا گھر پروگرام کے تحت تاریخی پیکیج کا اعلان آج کریں گے۔گھر کی خریداری کیلئے ایک کروڑ روپے 20 سال کی مدت کیلئے فراہم کئے جا سکیں گے۔ پیکیج کے تحت 25 لاکھ، 50 لاکھ، 75 لاکھ یا پھر ایک کروڑ روپے تک قرض حاصل کیا جا سکے گا۔ پہلے دس برس میں 5 فیصد فکسڈ مارک اپ اور اگلے دس برس میں نارمل مارک اپ ہو گا۔
25 لاکھ قرض لینے والے افراد کو ماہانہ 16 ہزار 499 روپے ماہانہ واپس قسط ادا کرنا ہو گی۔ 50 لاکھ قرض لینے والے افراد کو ماہانہ 32 ہزار 997 روپے ماہانہ واپس قسط ادا کرنا ہو گی۔ 75 لاکھ قرض لینے والے افراد کو ماہانہ 49 ہزار 497 روپے ماہانہ واپس قسط ادا کرنا ہو گی۔ ایک کروڑ قرض لینے والے افراد کو ماہانہ 65 ہزار 996 روپے ماہانہ واپس قسط ادا کرنا ہو گی۔
گھر کیلئے قرض حاصل کرنے کیلئے شناختی کارڈ ہولڈرز اور پہلے سے مقروض نہ ہونا شرط ہے، قرض کی رقم سے دس مرلہ پلاٹ کی خریداری یا دس مرلہ بنا ہوا گھر خریدا جا سکے گا۔ 90 فیصد فنانسنگ حکومتی اسکیم کے تحت اور دس فیصد انفرادی طور پر کرنا ہو گی۔ اسلامک و کمرشل بینک، مائیکروفنانس بینک، ہاوس بلڈنگ فنانس کمپنی سے قرض مل سکے گا۔
قرض حاصل کرنے کیلئے کوئی فیس یا پیمنٹ سے قبل کوئی ادائیگی کرنا شرط نہیں ہو گی، سٹیٹ بینک اور پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی فاونڈیشن کی جانب سے منصوبے کی مانیٹرنگ ہو گی۔ گھر کیلئے قرض حاصل کرنے کیلئے آن لائن درخواست دینا ہو گی، آن لائن درخواست دینے کے بعد قرض کیلئے حتمی منظوری تک ایک ماہ کا وقت لگے گا۔
وزیراعظم آج ’اپنا گھر پروگرام‘ کے تحت تاریخی پیکیج کا اعلان کرینگے


















