تعلیم، محنت اور مثبت سوچ ہی کامیابی کی ضمانت ہیں: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ تعلیم، محنت اور مثبت سوچ ہی کامیابی کی ضمانت ہیں، نوجوان اپنی صلاحیتوں کو نکھار کر نہ صرف اپنے والدین بلکہ ملک و قوم کا نام بھی روشن کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، ساہیوال کیمپس کے پروگرام لیڈرشپ شفٹ کے تحت آنے والے طلبہ و طالبات سے ملاقات کے دوران کیا۔ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی اور اے سی جنرل غلام حسین بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے طلبہ و طالبات کو ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داریوں، عوامی مسائل کے حل اور گڈ گورننس کے مختلف پہلووں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات نے انتظامی نظام، عوامی خدمات اور حکومتی امور سے متعلق مختلف سوالات کیے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں چاہیے کہ وہ اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں، محنت کو اپنا شعار بنائیں اور اپنی زندگی کا واضح مقصد متعین کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلسل محنت، دیانتداری اور لگن ہی کامیابی کا راستہ ہے اسلئے نوجوان اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے والدین، اپنے ادارے اور اپنے ملک کا نام روشن کریں۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے شہریوں کو جدید اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے شہر میں قائم الیکٹرک بس سٹاپس کی مرمت، بحالی اور تزئین و آرائش کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ انہوں نے الیکٹرک بس اسٹاپس کی موجودہ صورتحال، دستیاب سہولیات اور جاری مرمتی کاموں کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد نے سٹاپس کی بحالی اور ضروری تعمیراتی و مرمتی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ تمام الیکٹرک بس اسٹاپس کو فعال، محفوظ اور شہریوں کے لیے آرام دہ بنانے کیلئے مینٹی ننس کے کام جلد مکمل کیے جائیں تاکہ مسافروں کو بہتر سفری ماحول میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سہولیات کے منصوبوں کی موثر دیکھ بھال مقامی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ کمشنر ساہیوال نے کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں کو جدید سفری سہولیات کی فراہمی اور شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بس اسٹاپس کی صفائی، روشنی، نشستوں اور دیگر سہولیات کی بحالی میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے تاکہ یہ سہولت عوام کی توقعات کے مطابق موثر انداز میں استعمال ہو سکے۔ علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج اور کیمبرج کیمپس کے انتظامی امور کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران خان، پرنسپل ڈی پی ایس اکبر علی اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ پرنسپل ڈی پی ایس نے سکول اور کیمبرج کیمپس کے انتظامی امور، تعلیمی ماحول اور جاری انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے سکول کی عمارتوں کی مینٹی ننس، وائٹ واش اور دیگر ضروری مرمتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی و مرمتی کام بروقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ طلبہ کو بہتر، محفوظ اور خوشگوار تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے، لہٰذا ڈی پی ایس اور کیمبرج کیمپس میں تمام ضروری انتظامی اور انفراسٹرکچر سے متعلق امور کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت ڈویژنل سیس ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں، بالخصوص گوگیرہ جندراکہ سے ٹھٹھہ سارنگ براستہ موضع ماسن سڑک منصوبے پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، سپرنٹنڈنگ انجینئر ہائی ویز کاشف شکور، ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران خان اور جی ایم بابا فرید شوگر مل اوکاڑہ نے شرکت کی، جبکہ ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران گوگیرہ جندراکہ سے ٹھٹہ سارنگ براستہ موضع ماسن سڑک کے مجوزہ روٹ، تکنیکی امور اور متعلقہ پہلو¶ں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ منصوبے سے متعلق تمام سٹیک ہولڈرز سے دوبارہ جامع مشاورت کی جائے تاکہ باہمی اتفاقِ رائے سے ایسا فیصلہ کیا جا سکے جو عوامی مفاد، تکنیکی تقاضوں اور ترقیاتی ضروریات سے ہم آہنگ ہو۔