نیویارک (مشرق نیوز) شیگیلا بیکٹیریا سے ہونے والی آنتوں کی بیماری کے خلاف تیار کی جانے والی ایک نئی تجرباتی ویکسین نے طبی آزمائش کے دوسرے مرحلے (فیز ٹو کلینیکل ٹرائل) میں حوصلہ افزا نتائج دیے ہیں۔ تحقیق کے مطابق ویکسین نے بیماری سے بچاو میں 89 فی صد موثر کارکردگی دِکھائی ہے۔
جرنل دی لانسیٹ انفیکشیس ڈیزیزز میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق امریکا کے دو مراکز میں ہونے والے اس ٹرائل میں 18 سے 49 سال کی عمر کے 73 صحتمند افراد کو شامل کیا گیا۔ شرکا کو یا تو ڈبلیو آر ایس 2 نامی یا پھر پلیسبو (غیر موثر دوا) دی گئی۔ زندہ مگر کمزور کی گئی یہ اورل ویکسین شیگیلا سونئی کے خلاف تیار کی گئی ہے، جو شیگیلا بیکٹیریا کی چار اقسام میں سے ایک ہے۔
یہ بیکٹیریا دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو متاثر کرتا ہے اور اس سے اسہال، قے اور آنتوں کی شدید بیماری لاحق ہو سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق شیگیلا کی بعض اقسام صفِ اول کی اینٹی بائیوٹکس کے خلاف تیزی سے مزاحمت بھی پیدا کر رہی ہیں جبکہ اس وقت اس بیماری کے خلاف کوئی منظور شدہ ویکسین موجود نہیں۔
شیگیلا کیخلاف نئی ویکسین کے حوصلہ افزا نتائج


















