لاہور ہائیکورٹ میں 10 نئے ججوں کی تقرری کا فیصلہ

لاہور (مشرق نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں 10 نئے ججوں کی تقرری کا فیصلہ کر لیا گیا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سمیت تمام جوڈیشل کمیشن کے ممبران سے 4 جولائی تک نام مانگ لئے گئے۔

ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں 10 ججوں کی خالی آسامیوں کو پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں سینئر اور قابل وکلا کو لاہور ہائیکورٹ کا جج مقرر کرنے کیلئے 4جولائی تک نامزدگیاں جمع کروانے کا کہا گیا ہے۔

سیکرٹری جوڈیشل کمیشن کی جانب سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سمیت جوڈیشل کمیشن کے تمام ممبران کو آگاہ کیا گیا ہے کہ 4جولائی تک 10خالی آسامیوں کو پر کرنے کیلئے سینئر قابل اور شفاف کردار کے حامل وکلا کو نامزد کرکے نام جوڈیشل کمیشن کو ارسال کئے جائیں جس کے بعد جوڈیشل کمیشن باضابطہ طور پر اجلاس طلب کریگا۔

یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کی کل ججوں کی آسامیوں کی تعداد 60 ہے، اس وقت 41 ججز فرائض سر انجام دے رہے ہیں جبکہ 19 ججوں کی آسامیاں خالی ہیں۔