امیر قطر ،گورنر تبوک کاوزیراعظم کو فون،سفارتی کوششوں کو سراہا،مبارکبا ددی

اسلام آباد :(بیورورپورٹ)امیر قطر کا شہباز شریف سے رابطہ، اسلام آباد مفاہمتی یاداشت اور امن کےلئے کامیاب سفارتی کوششوں پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے مبارکباد دی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف کو قطر کے امیر تمیم بن حمد آل ثانی کی کال موصول ہوئی ،دونوں رہنماوں نے نہایت خوشگوار ،دوستانہ ماحول میں تبادلہ خیال کیا،امیر قطر نے وزیراعظم کو کامیاب سفارتی کوششوں پر مبارکباد دی، وزیراعظم کی قیادت کو سراہتے ہوئے امن کوششوں کےلئے قطر کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔

شہبازشریف نے امیر قطر کا امن کوششوں میں مسلسل اور بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکامیابی فیلڈ مارشل عاصم منیر کی انتھک کوششوں ،قطر سمیت برادر ممالک کے اہم کردار کی بدولت ممکن ہوئی ،دونوں رہنماوں نے سوئٹزرلینڈ کے علاقے برگن سٹاک میں ہونےوالے تکنیکی سطح کے مذاکرات کے پہلے دور پر اطمینان کا اظہار کیا اور زور دیامثبت پیشرفت کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے تاکہ مذاکرات کامیاب ہو سکیں، اتفاق کیاگیا مذاکراتی عمل کو نقصان پہنچانے کی کوششوں سے محفوظ رکھنا ضروری ہے۔

امیر قطر نے راس لفان انڈسٹریل سٹی کی برزان گیس تنصیب میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعہ میں پاکستانی شہری کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا،وزیراعظم شہباز شریف نے رواں سال دوحہ کے اپنے دورے کا ذکر کرتے ہوئے امیر قطر کو پاکستان کے دورے کی ایک بار پھر دعوت دی، امیر قطر نے رواں سال کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کی تاکہ دوطرفہ تعاون اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جا سکے،دونوں رہنماوں نے آئندہ دنوں دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطے و مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف کو سعودی صوبے تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز آل نے بھی فون کیا،اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے حصول میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا پاکستان کی امن کوششوں کا مقصد خطے میں استحکام ،برادر ممالک بالخصوص سعودی عرب کی حمایت اہم کردار ادا کرتی ہے،وزیراعظم نے پاکستان ،سعودی عرب کے تاریخی برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان کی پاکستان سے محبت و خیرسگالی پر بھی اظہار تشکر کیا،شہبازشریف نے گورنر تبوک کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، دونوں رہنماوں نے مستقبل میں قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔