ملک بھر میں چیمبرز آف کامرس ،ٹریڈ ایسوسی ایشنز انتخابات تیاریاں تیز

لاہور (نعیم جاوید) ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ٹریڈ ایسوسی ایشنز میں آئندہ دو سالہ مدت کے انتخابات کے سلسلے میں سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ مختلف چیمبرز اور ایسوسی ایشنز نے انتخابی شیڈول جاری کر دئیے ہیں جبکہ ووٹر لسٹوں کی جانچ پڑتال، اعتراضات کی سماعت اور حتمی فہرستوں کی تیاری کا عمل آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ کاروباری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتخابی عمل مکمل شفاف، غیر جانبدار اور ٹریڈ آرگنائزیشن قوانین کے مطابق یقینی بنایا جائے تاکہ منتخب قیادت حقیقی معنوں میں تاجر برادری کی نمائندگی کر سکے ذرائع کے مطابق لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، راولپنڈی، ملتان، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں کے چیمبرز میں انتخابی سرگرمیاں جاری ہیں۔ مختلف ٹریڈ ایسوسی ایشنز نے بھی الیکشن کمیشن تشکیل دے کر انتخابی شیڈول پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ انتخابی قواعد کے مطابق ووٹر لسٹوں کی اشاعت کے بعد موصول ہونے والے اعتراضات پر سماعت کی جا رہی ہے، جس کے بعد حتمی ووٹر لسٹ جاری کی جائے گی اور مقررہ تاریخ پر پولنگ منعقد ہوگی تاجر تنظیموں کے رہنماو¿ں کا کہنا ہے کہ اس بار ووٹر لسٹوں کی درستگی سب سے اہم مسئلہ بن چکی ہے۔ متعدد کاروباری افراد نے رکنیت کی تجدید، ووٹ کے حق اور کمپنیوں کی نمائندگی سے متعلق تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تمام اہل اراکین کو بلاامتیاز ووٹ ڈالنے کا حق دیا جائے اور کسی بھی شکایت کا فوری اور منصفانہ ازالہ کیا جائے۔ کاروباری گروپوں کا کہنا ہے کہ انتخابات میں اصل مقابلہ صرف عہدوں کا نہیں بلکہ کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے وڑن کا ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق نئی قیادت کو ٹیکس اصلاحات، بجلی اور گیس کے بڑھتے ہوئے نرخ، برآمدات کے فروغ، صنعتی شعبے کی بحالی، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کیلئے مالی سہولتوں، کاروبار کرنے میں آسانی اور سرکاری اداروں کے ساتھ مو¿ثر رابطوں کو اپنی ترجیحات میں شامل کرنا ہوگالاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ذمہ دار عہدیداروں نے اس نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ووٹر لسٹوں کی جانچ پڑتال مقررہ قواعد کے مطابق جاری ہے اور ہر اعتراض کو میرٹ پر نمٹایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیمبر کی کوشش ہے کہ تمام اہل اراکین کو مساوی انتخابی حقوق حاصل ہوں اور انتخابات مکمل شفافیت، غیر جانبداری اور ضابطہ اخلاق کے مطابق منعقد کیے جائیں۔ عہدیداروں نے کہا کہ مضبوط اور نمائندہ چیمبر ہی حکومت کے سامنے صنعت و تجارت کے مسائل مو¿ثر انداز میں پیش کر سکتا ہے، اس لیے تمام امیدواروں اور کاروباری گروپوں کو مثبت انتخابی ماحول برقرار رکھنا چاہیے دوسری جانب مختلف کاروباری گروپوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتخابی شیڈول میں غیر ضروری تبدیلیاں نہ کی جائیں، ووٹر لسٹوں کو بروقت حتمی شکل دی جائے، شکایات کے ازالے کیلئے موثر نظام قائم رکھا جائے اور الیکشن کمیشن کی مکمل خودمختاری کو یقینی بنایا جائے تاکہ انتخابی نتائج ہر حلقے کیلئے قابل قبول ہوں۔تجارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ چیمبرز آف کامرس اور ٹریڈ ایسوسی ایشنز ملکی معیشت، برآمدات، سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور نجی شعبے کی نمائندگی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، اسلئے ان اداروں کے انتخابات کی شفافیت پر پوری کاروباری برادری کی نظریں مرکوز ہیں۔ ماہرین کے مطابق شفاف انتخابی عمل نہ صرف اداروں کی ساکھ کو مضبوط بنائے گا بلکہ حکومت اور نجی شعبے کے درمیان اعتماد کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کریگا۔