چھ ماہ میں گلبرگ سینٹر کو لاہور کا سب سے خوبصورت اور مثالی پلازہ بنانا مشن ہے :نومنتخب صدر احسان اللہ بھٹی

لاہور (انٹرویو: نعیم جاوید) آئندہ 6 ماہ تک گلبرگ سینٹر کو لاہور کا سب سے خوبصورت اورمثالی پلازہ بنانا میرا اور میری ٹیم کا مشن ہے۔ قبضہ گروپ سے پلازے کو واگزار کروانے کے بعد دن رات بہتری کے کام جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار گلبرگ سینٹر کے نو منتخب صدر احسان اللہ بھٹی نے روزنامہ ”مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں پہلے بھی 2007 سے 2012 تک پلازے کا صدر رہا ہوں، اس وقت میں بلا مقابلہ صدر منتخب ہوا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قبضہ گروپ نے پلازے میں اتنی گندگی پھیلائی ہوئی تھی کہ 6 بڑے ٹرک کوڑے کے نکلے تھے جو کہ پلازے کی راہ داریوں میں پڑا ہوا تھا۔ پلازے کے مسائل کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صفائی، سیوریج اور سیکورٹی اہم مسائل ہیں اس پلازے میں جتنی سیوریج لائن ہیں میرے پہلے دور کی پڑی ہوئی ہے جو کہ 6 انچ کی ہے ۔سکیورٹی جنگلے میں نے لگوائے تھے، پانی کا بور بھی میرے دور میں ہوا تھا، بجلی کے نظام کیلئے تیسرا ٹرانسفر بھی میں لگوا کر گیا تھا انشاءاللہ چوتھا ٹرانسفر جلد لگ جائیگا۔ پانی سپلائی کے حوالے سے ایک جواب میں انہوں نے کہا کہ واسا کا کنکشن بھی میرے نام سے موجود ہے، پورے پلازے کو مفت پانی فراہم کیا جا رہا ہے جو کہ قبضہ گروپ 5 ہزار ماہانہ فی دکاندار لیتا تھا بھتہ خور قبضہ گروپ سے 4 واش روم وار گزار کروا کر پبلک کیلئے کھول دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آگ بجھانے والے آلات لگوائے جا رہے ہیں بجلی اور پی ٹی سی ایل کی تاروں کا مسئلہ حل کر دیا گیا ہے 3 ماہ سے فری پارکنگ دے رہے ہیں تاجروں کے مسائل کا حل میری اولین ترجیح ہے، میں اور میری ٹیم یکم جنوری 2027 تک گلبرگ سینٹر لاہور کا سب سے خوبصورت پلازہ ہوگا۔