اسلام آباد (بیورو رپورٹ) تارکین وطن کے ساتھ حکومت پاکستان کے پختہ عزم کی تجدید کرتے ہوئے وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے گزشتہ روز اسلام آباد میں تاریخی ”قومی امیگریشن و ویلفیئر پالیسی 2026ئ“ کا باضابطہ اجراءکر دیا، اس پروقار تقریب میں غیر ملکی سفارتکاروں، بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں، وفاقی و صوبائی حکام، ترقیاتی شراکت داروں اور صحافیوں نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے اس پالیسی کو محض ایک انتظامی فریم ورک کے بجائے دنیا بھر بالخصوص مشرق وسطیٰ، یورپ اور امریکہ میں مقیم ایک کروڑ 10 لاکھ سے زائد اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ایک پختہ قومی عزم قرار دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے اس بات پر زور دیا کہ تیز رفتار تکنیکی جدت، ڈیموگرافک تبدیلیوں اور بین الاقوامی لیبر مارکیٹ کی بدلتی ہوئی ضروریات نے روزگار کی عالمی دنیا کو بنیادی طور پر تبدیل کر دیا ہے، جیسے جیسے مختلف ممالک باصلاحیت اور ہنر مند افرادی قوت کو ترجیح دے رہے ہیں، پاکستان بھی اپنے شعبہ جاتی چیلنجز بشمول غیر منظم گورننس، ہنر مند افرادی قوت کی کمی، غیر قانونی ذرائع سے رقم کی منتقلی اور تارکین وطن کی واپسی کے بعد ان کی بحالی کی تدابیر کی کمی سے نمٹنے کیلئے فعال اقدامات کر رہا ہے۔ ”معیاری انسانی وسائل کی فراہمی کیلئے پسندیدہ ترین ملک بننا کے جامع وژن اور انسانی وسائل کی ترقی کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کے مشن کے تحت، یہ پالیسی اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ پاکستانی کارکنان بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کرنے کیلئے مسابقتی صلاحیت، ادارہ جاتی تعاون اور قانونی تحفظ سے آراستہ ہوں۔ عظیم قومی اقدار اور ہجرت کے مقدس تاریخی تصور کا حوالہ دیتے ہوئے، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے اس بات کو اجاگر کیا کہ روزگار کی تلاش میں اپنا گھر چھوڑنا انتہائی جرات کا کام ہے، ہر ہنر مند و تارکِ وطن کارکن ملک کا وقار اور امیدیں اپنے ساتھ لے کر جاتا ہے، اور قومی معاشی استحکام میں ان کا کردار بے مثال ہے، اوورسیز پاکستانیوں نے مالی سال 26-2025 کے دوران 41.58 ارب امریکی ڈالر کی ریکارڈ زرِ مبادلہ کی رقم (ترسیلاتِ زر) بھیجی، جو ملک کی تاریخ میں غیر ملکی زرمبادلہ کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ مستقبل کی ہجرت اور ملازمت کے عمل کو منظم کرنے کے لیے، پالیسی میں 5 بنیادی حکمت عملی کے ستونوں کے تحت اصلاحات نافذ کی گئی ہیں، جن کی شروعات محفوظ امیشن اور ہنر کی ترقی سے ہوتی ہے، حکومت ایک”لیبر مارکیٹ ریسرچ سیل“ قائم کر رہی ہے، اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے قواعد و ضوابط کو جدید بنا رہی ہے، کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کے کردار کو وسعت دے رہی ہے، اور یورپی یونین مائیگریشن اینڈ موبلٹی ڈائیلاگ کے تحت”ٹیلنٹ پارٹنرشپس“ کو فروغ دے رہی ہے۔ اس کے علاوہ”پاک ٹاک ایپ“”پاک ایمیگرنٹ مینجمنٹ فریم ورک“، اور”ای-انفارمڈ مائیگریشن فریم ورک“ جیسے ڈیجیٹل نظام متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ امیگریشن کے اس عمل کو سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر جیسے کم نمائندگی والے علاقوں تک وسعت دی جائے گی، جبکہ تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت کے نصاب کو نیوٹیک اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ ہم آہنگ کر کے”سینٹرز آف ایکسی لینس“ قائم کئے جائیں گے جن میں خواتین، معذور افراد اور پسے ہوئے طبقوں کی شمولیت کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے مزید کہا کہ یہ پالیسی کارکنوں کے تحفظ، بیرونِ ملک پاکستانیوں سے روابط اور ان کی وطن واپسی پر بحالی جیسے امور کا بھی احاطہ کرتی ہے۔ کارکنوں کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے ایک”انٹرنیشنل کال سینٹر“ اور تیز رفتار انصاف کیلئے”خصوصی عدالتیں“ قائم کی جا رہی ہیں، خلیجی ممالک میں پاکستانی کارکنوں کے قانونی مقدمات کی پیروکاری کیلئے مقامی لاءفرمز کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں، جبکہ ای او بی آئی کے ذریعے پینشن سکیم اور بچوں کیلئے تعلیمی واو¿چرز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ غیر قانونی طریقے (ہنڈی/حوالہ) کی روک تھام اور قانونی ذرائع سے ترسیلاتِ زر کی حوصلہ افزائی کیلئے”سوہنی دھرتی ریمیٹنس پروگرام“،”روشن ڈیجیٹل اکاونٹ“ اور”نیا پاکستان سرٹیفکیٹس“ کو مزید فعال بنایا جا رہا ہے۔ مزید برآں، وطن واپس آنے والے تارکین وطن کیلئے ایک جامع پروفائلنگ ڈیٹا بیس، ریفرل نیٹ ورک، اور بیرونِ ملک حاصل کردہ تجربے و اسناد کو تسلیم کرنے کیلئے ایک باقاعدہ”ایکویولنسی پروگرام“ شروع کیا جا رہا ہے۔ ”قومی امیگریشن و ویلفیئر پالیسی 2026ئ“ کو تین مراحل میں نافذ کیا جائیگا: قلیل مدتی (1 سال)، درمیانی مدتی (2 سال)، اور طویل مدتی (3 سال)۔ پالیسی کے شفاف نفاذ اور بین الاداراجاتی تعاون کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی”ٹاسک فورس“ اس کی پیشرفت کی براہِ راست نگرانی کریگی۔ اپنے خطاب کے اختتام پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے صوبائی قیادت، بین الاقوامی شراکت داروں بشمول ICMPD اور سپیشل انوسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ یہ امیگریشن پالیسی ہر پاکستانی کارکن کو مکمل اعتماد کے ساتھ بیرونِ ملک جانے اور باوقار طریقے سے وطن واپس لوٹنے کی ضامن بنے گی۔
بیرون ملک ملازمتوں کے نئے موقع تلاش کئے جائینگے:سالک حسین



















