ڈیتھ کوٹہ پر بھرتی کے امیدواروں کی تفصیلات طلب

لاہور(قاضی ندیم اقبال) سرکاری اداروں سے ڈیتھ کوٹہ کے تحت بھرتی کے خواہشمند درخواست گذاروں کی تفصیلات طلب۔حکومت پنجاب کو6نکاتی تفصیلات پرفارمہ کی صورت میں فراہم کی جائیں گی جس میں اداروں میں موجود آسامیوں کی تفصیلات اور مختلف آسامیوں کے محاذ دی جانے والی درخواستوں پر کی جانے والی کارروائی کی تفصیلات بھی شامل ہوں گی۔ذرائع کے مطابق مختلف حوالوں سے ڈیتھ کوٹہ کے تحت سرکاری اداروں میں بھرتی کے حوالے سے سامنے آنے والی شکایات سامنے آنے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے دی گئی ہدایات کی روشنی میں مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بعد رشدہ شرافت ( سیکشن آفیسر I&C-I) امپلی مینٹیشن اینڈ کوآرڈ ی نیشن ونگ، سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے صوبائی انتظامی سیکرٹریز اور اٹیچڈ محکموں کے سربراہان کو جاری مراسلے میں قرار دیا گیا۔ جس میں قرار دیا گیا ہے کہ ایس اینڈ جی اے ڈی رول17-A کے تحت بھرتی کے لئے دی جانے والی درخواستوں اور ان پر عمل درآمد کی بابت معاملات کا جائزہ لے رہا ہے لہٰذا ضروری ہے کے ڈیتھ کوٹہ کے تحت التوا کا شکار درخوستوں کی بابت تفصیلات آئی اینڈ سی ونگ کو تجیحی بنیادوں پر ارسال کی جائیں۔ذرائع نے بتایا کہ مراسلے میں قرار دیا گیا ہے کہ تمام تفصیلات ایک پرفارمہ کی صورت میں ارسال کی جائیں۔ جن میں درخواست دہندہ کا نام، دوران سروس وفات پا جانے والے سرکاری ملازم کا نام، رول 17-A کے تحت بھرتی کے لئے دی جانے والی درخواست وصول کرنے کی تاریخ ،جس آسامی کے لئے درخواست دی گئی، اس کی تفصیل، مذکورہ آسامی پر بھرتی کیلئے مجاز اتھارٹی بلحاظ عہدہ ،دی جانے والی درخواست پرکئے گئے فیصلہ کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ مراسلے کی کاپی اطلاع و مزید کارروائی کی غرض سے سیکرٹری ریگولیشن ونگ ، ایس اینڈ جی اے ڈی اور پرائیویٹ سیکرٹری برائے امپلی مینٹیشن اینڈ کوآرڈ ی نیشن ونگ کو بھی ارسال کی ہے۔