ممبئی (مشرق نیوز) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا دوسرا سیمی فائنل آج بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائیگا۔ ممبئی کے وانکھڈے سٹیڈیم میں شیڈول دوسرے سیمی فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
انگلش ٹیم کے آل راونڈ ول جیکس امیدوں کا محور ہوں گے، دوسری جانب بھارت کے سنجو سیمسن بھی ایک بار پھر صلاحیتوں کا اظہار کرنے کیلئے بے تاب ہوں گے۔ بھارت کو ایونٹ میں اب تک صرف ایک میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف شکست ہوئی تھی۔
دوسری جانب انگلینڈ کا سفر چھوٹی ٹیموں کے ساتھ کانٹے دار مقابلوں سے شروع ہوا مگر بتدریج کارکردگی کا معیار بہتر ہوتا گیا۔سپر ایٹ راونڈ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ، پاکستان اور سری لنکا جیسے حریفوں کو مات دیکرسیمی فائنل میں جگہ پکی کی۔
انگلینڈ کا بہترین سپن اٹیک مضبوط بھارتی بیٹنگ لائن کے قدم اکھاڑنے کیلئے تیار ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں ٹیمیں لگاتار تیسری مرتبہ ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں مدمقابل آئیں گی۔ 2022 میں انگلینڈ نے فتح حاصل کی تھی جبکہ 2024 کے سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم سرخرو رہی تھی۔
مجموعی طور پر ورلڈکپ میں دونوں ٹیمیں 5 مرتبہ مدمقابل آئیں جس میں سے بھارت نے 3 اور انگلینڈ نے 2 بار فتح پائی۔ ٹی 20 فارمیٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 29 میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں سے 17 بھارت جبکہ 12 انگلینڈ نے جیتے ہیں۔
ٹی 20 ورلڈکپ: بھارت اور انگلینڈ مسلسل تیسرے سیمی فائنل میں مدمقابل


















