اسلام آباد:(بیورورپورٹ)حکومت نے رئیل سٹیٹ کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے شعبے میں سرمایہ کاری کےلئے نئی اصلاحات کا عندیہ دیدیا ۔
وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب نے کاروباری برادری، مالیاتی اداروں اور مارکیٹ کے دیگر سٹیک ہولڈرز کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے کہا پالیسی سازی کے عمل میں مسلسل مشاورت کو یقینی بنایا جائے۔
وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب نے رئیل سٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹس (آر ای آئی ٹیز) کے فروغ اور سرمایہ منڈی کی ترقی کےلئے قائم فوکس گروپ کے ورچوئل اجلاس کی صدارت کی ،اجلاس میں زور دیا گیا رئیل سٹیٹ کے شعبے کو منظم، شفاف اور سرمایہ کاری کے لیے زیادہ پرکشش بنانے کےلئے مربوط اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں، اجلاس کے دوران آر ای آئی ٹیز کے فروغ سے متعلق ٹیکس نظام میں بہتری، طریقہ کار کو آسان بنانے ، سرمایہ کاروں خصوصاً چھوٹے سرمایہ کاروں کی شمولیت بڑھانے جیسے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
شرکا نے نشاندہی کی پاکستان میں آر ای آئی ٹی مارکیٹ میں مزید وسعت کی گنجائش موجود ہے جسے موثر پالیسی اقدامات اور بہتر رابطہ کاری کے ذریعے بروئے کار لایا جا سکتا ہے،اجلاس میں قواعد و ضوابط میں وضاحت، انتظامی رکاوٹوں کے خاتمے ، مختلف اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو کلیدی اہمیت دی گئی۔
وزیر خزانہ نے کہا آر ای آئی ٹیز رئیل سٹیٹ سرمایہ کاری کو معیشت کے پیداواری شعبوں کی جانب منتقل کرنے کا شفاف اور منظم ذریعہ فراہم کرتے ہیں جو نہ صرف دستاویزی نظام کو فروغ دیتے ہیں بلکہ تعمیرات اور ترقیاتی شعبوں کی باضابطہ معیشت میں شمولیت کو بھی تقویت دیتے ہیں،اجلاس میں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے، آگاہی مہمات ، ثانوی مارکیٹ کے موثر نظام پر بھی زور دیا گیا تاکہ سرمایہ کاری کے مواقع کو پائیدار بنایا جا سکے۔
رئیل سٹیٹ کو مضبوط بنانے کا عزم، نئی اصلاحات کرینگے،وزیر خزانہ



















