اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ احسن اقبال نے کہاہے کہ ہفتہ وار قیمتوں کی مانیٹرنگ پر ادارہ شماریات اور صوبائی حکومتوں کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کے باعث مہنگائی میں بتدریج استحکام آ رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیر صدارت جمعہ کو نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا ہفتہ وار اجلاس منعقد ہوا۔ نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے ہفتہ وار اجلاس سے خطاب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی دباوکے باوجود ملک میں فرٹیلائزر کی قیمتوں کا مستحکم رہنا خوش آئند ہے ، حکومتی اقدامات کے باعث مہنگائی میں بتدریج استحکام آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ نہیں ہوا ، مرغی کی قیمتیں خلیج جنگ سے پہلی صورتحال پر آگئی ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ پولٹری سیکٹر میں قیمتوں کے استحکام کےلئے کولڈ چین انفراسٹرکچر کا قیام ناگزیر ہے۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ کولڈچین سے متعلق تجاویز پانچ دن میں مرتب کی جائیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ دیہی علاقوں میں غیر معیاری گھی اور دیگر اشیائے خوردونوش کی بھرمار پر قابو پانے کیلئے مو¿ثر اقدامات کئے جائیں، قیمتوں میں استحکام کیلئے تمام صوبائی اور وفاقی ادارے چوکس رہیں اور اشیائے ضروریہ کا وافر ذخیرہ یقینی بنایا جائے۔وفاقی وزیر نے ہفتہ وار قیمتوں کی مانیٹرنگ پر ادارہ شماریات اور صوبائی حکومتوں کی کارکردگی کی تعریف بھی کی۔
حکومتی اقدامات کے باعث مہنگائی میں بتدریج استحکام آ رہا ہے:احسن اقبال


















