لاہور میں سوئی گیس چوری، کمپریسر کیخلاف کریک ڈاﺅن، کنکشن منقطع ، لاکھوں کے جرمانے

لاہور (نعیم جاوید) محکمہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے لاہور میں گیس چوری اور پریشر بڑھانے والی مشینوں کے استعمال کے خلاف جاری کریک ڈاون کے دوران متعدد کارروائیاں کرتے ہوئے غیر قانونی کنکشنز منقطع کر دئیے اور لاکھوں روپے کے جرمانے عائد کئے۔ترجمان کے مطابق حالیہ آپریشنز کے دوران لاہور میں 21 غیر قانونی گیس کنکشنز منقطع کئے گئے جبکہ 4 کنکشنز ایسے صارفین کے تھے جو کمپریسرز کے ذریعے گیس پریشر بڑھا رہے تھے۔ ان خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر تقریباً 28 لاکھ 80 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔ اسی طرح دیگر کارروائیوں میں لاہور اور فیصل آباد کے علاقوں میں مجموعی طور پر 55 غیر قانونی کنکشنز کا خاتمہ کیا گیا اور تقریباً 37 لاکھ 50 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔محکمہ کے مطابق گیس چوری میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کرنے کا عمل بھی جاری ہے جبکہ نادہندگان سے ریکوری کی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کمپریسرز اور دیگر غیر قانونی آلات کے استعمال سے نہ صرف سسٹم کا پریشر متاثر ہوتا ہے بلکہ عام صارفین کو گیس کی فراہمی بھی شدید متاثر ہوتی ہے، اس لئے ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ سوئی گیس حکام نے واضح کیا ہے کہ آئندہ بھی لاہور سمیت دیگر شہروں میں آپریشنز کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور گیس چوری یا مصنوعی آلات کے استعمال میں ملوث افراد کو بھاری جرمانوں اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑیگا۔