لاہور (مشرق نیوز) پنجاب میں فلم انڈسٹری کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت نے پنجاب فلم سٹی اتھارٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب فلم سٹی اتھارٹی ایکٹ 2025 گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں پیش ہوا جس کے تحت پنجاب فلم سٹی اتھارٹی سے فلم سازی، ڈرامہ، ڈاکیومنٹری کی سرپرستی کی جائیگی، علاوہ ازیں اتھارٹی کو اخراجات کیلئے حکومت پنجاب فنڈ کرے گی، اتھارٹی کو فلم انڈسٹری کو فروغ دینے کیلئے بھی فنڈ دیا جائیگا۔
اس اتھارٹی کے باعث نئی فلم پالیسی، قواعد و ضوابط اور لائسنسنگ کا جامع نظام متعارف ہوگا، فلم سازوں کو سہولیات، اجازت ناموں اور ون ونڈو آپریشن کی سہولت ملے گی جبکہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے خصوصی مراعات دی جائیں گی، مزید برآں فلم سٹوڈیوز، فلم سٹی اور پوسٹ پروڈکشن سہولیات کے قیام کی راہ بھی ہموار ہوگی۔
پنجاب فلم سٹی اتھارٹی کے باعث نئے ٹیلنٹ کی تربیت کیلئے ٹریننگ پروگرامز شروع کئے جائیں گے، فلم انڈسٹری کیلئے فنڈنگ، گرانٹس اور سبسڈی کا نظام متعارف ہوگا جبکہ پنجاب کی ثقافت، سیاحت اور مثبت تشخص کو فلم کے ذریعے اجاگر کیا جائیگا، اتھارٹی فلم انڈسٹری سے متعلق شکایات اور مسائل کے حل کی مجاز ہوگی۔ بل 2 ماہ کیلئے متعلقہ کمیٹی کے حوالے کیا جائیگا جبکہ کمیٹی 2 ماہ میں رپورٹ پیش کریگی بعد از کمیٹی منظوری بل پنجاب اسمبلی سے منظور کروایا جائیگا، بل کی حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے۔
پنجاب میں فلم انڈسٹری کے فروغ اتھارٹی تشکیل دینے کا فیصلہ


















