پاکستان، مصر کا وزارت داخلہ سطح پر تعاون بڑھانے پر اتفاق


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پاکستان،مصر نے وزارت داخلہ سطح پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کرلیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی ، وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری سے میجر جنرل مجدی ہلال کی قیادت میں مصر کی وزارت داخلہ کے وفد کی ملاقات ہوئی،دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، سکیورٹی، انسداد دہشتگردی، انسداد منشیات، سائبر کرائم، سیف سٹی منصوبوں میں اشتراک کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا،نیشنل پولیس اکیڈمی اور مصر کی پولیس اکیڈمی کے درمیان افسروں کی مشترکہ تربیت کےلئے تعاون بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا مصر کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کےلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے، مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کےلئے پاکستانی وفد جلد مصر کا دورہ بھی کرے گا۔

وزیر مملکت طلال چودھری نے کہا پاکستان ، مصر کے درمیان انسداد دہشتگردی، انسداد منشیات اور داخلی سلامتی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں،مصری وفد نے پاکستان کے مختلف اداروں خصوصاً اینٹی نارکوٹکس فورس اور نیشنل پولیس اکیڈمی کے دوروں کو انتہائی سودمند قرار دیتے ہوئے کہا دونوں ممالک مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔