لاہور:( نمائندہ خصوصی)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے عالمی یومِ آزادی صحافت کے موقع پر تمام میڈیا ورکرز اور صحافتی برادری کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا صحافت و سیاست کا آپس میں گہرا تعلق ،دونوں جمہوریت کے استحکام کےلئے ایک دوسرے کےلئے لازم و ملزوم ہیں۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران موسم کی سختیوں ، نامساعد حالات کا جوانمردی سے مقابلہ کرنے والے میڈیا ورکرز ہی درحقیقت صحافت کے اصل ہیروز ہیں، خدمات کا اعتراف پوری قوم کرتی ہے،جدید دور میں آزادی صحافت اور پروفیشنل جرنلسٹس کےلئے سب سے بڑا مسئلہ فیک نیوزکی صورت میں سامنے آیا ،افسوس فیک نیوز کی بھرمار نے نہ صرف معاشرے میں ہیجان پیدا کیا بلکہ اصل و ذمہ دارانہ صحافت کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ۔
وزیر اطلاعات نے کہا پنجاب حکومت آزادی صحافت کے بنیادی اصولوں پر مکمل یقین رکھتی اور آزاد و ذمہ دار میڈیا کے فروغ کےلئے کوششیں جاری رکھے گی،مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت نے پہلی مرتبہ صحافیوں کےلئے تاریخی اقدامات اٹھائے ،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز جلد ہی صوبے کے 3200صحافیوں کو چھت فراہم کرنے جا رہی ہیں جو صحافتی تاریخ کا بڑا ریلیف پیکیج ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہاپنجاب حکومت نے صحافیوں کی بیٹیوں کےلئے میرج گرانٹ اور صحافیوں کےلئے ہیلتھ گرانٹ کی رقم کو بھی فوری طور پر ڈبل کر دیا ،میڈیا ورکرز کے حقوق کا تحفظ ،بہبود پنجاب حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز جلد 3200صحافیوں کو اپنی چھت فراہم کریں گی،عظمیٰ بخاری



















