امریکہ کا پاکستان و دیگر ممالک کیلئے ایف 16 اپ گریڈ معاہدہ


واشنگٹن: (بیورورپورٹ) امریکہ نے 488 ملین ڈالر معاہدے کے تحت نارتھروپ گرومن سسٹمز کارپوریشن کو ایف16 ریڈار نظاموں کےلئے انجینئرنگ و تکنیکی معاونت فراہم کرنے کا ٹھیکہ د یدیا ،غیر ملکی فوجی فروخت پروگرام کے تحت پاکستان بھی مستفید ہونےوالے ممالک میں شامل ہے۔

محکمہ جنگ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری اعلامیے کے مطابق مقررہ قیمت اور غیر معینہ فراہمی، غیر معینہ مقدار پر مبنی معاہدہ ایف16 سسٹم پروگرام آفس کے غیر ملکی فوجی فروخت پروگرام کےساتھ ساتھ فضائیہ اور بحریہ کی ضروریات کو بھی پورا کرے گا،معاہدے میں اے پی جی 66 اور اے پی جی68 ریڈار نظاموں کےلئے انجینئرنگ اور تکنیکی معاونت شامل ہے، کام میری لینڈ کے علاقے لنٹھیکم ہائٹس میں کیا جائے گا، توقع ہے 31 مارچ 2036 تک مکمل ہو جائےگا، معاہدہ متعدد ممالک کو غیر ملکی فوجی فروخت کے تحت خدمات فراہم کرنے سے متعلق ہے جن میں بحرین، بیلجیئم، چلی، ڈنمارک، مصر، یونان، انڈونیشیا، عراق، اسرائیل، اردن، کوریا، مراکش، نیدرلینڈز، ناروے، عمان، پاکستان، پولینڈ، پرتگال، رومانیہ، تھائی لینڈ اور ترکی شامل ہیں۔

امریکی فضائیہ کے مطابق معاہدہ واحد ذریعے کی بنیاد پر دیا گیا، مالی سال 2026 کےلئے فضائیہ اور بحریہ کے غیر مختص شدہ فنڈز میں سے 2,644,922 ڈالر کی رقم معاہدے کے وقت مختص کی گئی ہے،یوٹاہ میں واقع ہل ائیر فورس بیس کے ایئر فورس لائف سائیکل مینجمنٹ سینٹر کو معاہدے کا مجاز ادارہ مقرر کیا گیا اورمعاہدہ 27 اپریل 2026 کو دیا گیا۔