ایران امریکا کے حد سے زیادہ مطالبات تسلیم نہیں کرےگا، ایرانی سفارتی ذرائع

تہران (مشرق نیوز) ایران کے سفارتی ذرائع نے کہا کہ ہے کہ ایران، امریکہ کے حد سے زیادہ مطالبات تسلیم نہیں کریگا۔برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات میں ایران کے مطالبات اور امریکہ کے موقف پر اپنے تحفظات بیان کئے۔

خبر ایجنسی کے مطابق ٹیلی گرام پر جاری بیان میں ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے جنگ بندی اور ایران پر مسلط کی گئی جنگ کے مکمل خاتمے کے حوالے سے اپنے اصولی موقف کی وضاحت کی ہے۔ ایران کے امریکی موقف پر تحفظات کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر اسلام آباد میں موجود ایک ایرانی سفارتی ذرائع نے رائٹرز کو بتایا کہ اصولی طور پر ایران حد سے زیادہ مطالبات قبول نہیں کریگا۔

اس سے قبل ایرانی حکام نے واضح کیا تھا کہ وہ امریکی نمائندوں سے براہ راست ملاقات نہیں کریں گے بلکہ اپنی بات پاکستان کے ذریعے پہنچائیں گے۔ دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وٹکوف اور کشنرکا دورہ پاکستان کینسل کردیا ہے۔

خیال رہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہیں، ایران نے آبنائے ہرمز کو بڑی حد تک بند کر دیا ہے جبکہ امریکہ نے ایران کی تیل برآمدات روک رکھی ہیں۔