عمران خان کے وکیل نے قید تنہائی و صحت پر سنگین خدشات اٹھا دئیے


اسلام آباد: (بیورورپورٹ) 190 ملین پاونڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی، بشریٰ کی اپیلوں اور سزا معطلی درخواستوں پر سماعت کے دوران وکیل نے قید تنہائی اور صحت پر سنگین خدشات اٹھا دیئے، عدالت نے اپیلوں پر جلد سماعت کا عندیہ دےدیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس آصف پر مشتمل بنچ نے 190 ملین پاونڈ کیس میں عمران خان، بشریٰ کی اپیلوں اور سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کی،بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر ، نیب پراسیکیوٹر جاوید اشرف اور رافع مقصود عدالت میں پیش ہوئے،سماعت کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو آگاہ کیا 8 اپریل کو عدالتی حکم پر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی تاہم اس دوران بشریٰ سے ملاقات نہیں کرائی گئی حالانکہ عدالتی احکامات کے برعکس تھا، بشریٰ سے آخری ملاقات 20 دسمبر 2025 کو ہوئی تھی۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے استفسار کیا اپیلوں پر دلائل کیوں نہیں دیئے جا رہے، عدالت اپیل سننے کیلئے تیار ہے اور روزانہ کی بنیاد پر سماعت کر کے جلد فیصلہ کر سکتی ہے،بیرسٹر سلمان صفدر نے موقف اختیار کیا موکل نے پہلے سزا معطلی کی درخواستوں پر دلائل دینے کی ہدایت کی ہے، اپیلوں پر دلائل کیلئے ممکنہ طور پر دیگر وکیل پیش ہوں گے، وہ مکمل فائل کا جائزہ لینے کے بعد ہی موثر دلائل دے سکیں گے،عدالت نے کیس کی مزید سماعت ملتوی کرتے ہوئے فریقین کو آئندہ کارروائی کےلئے تیار رہنے کی ہدایت کر دی۔