تنازعات کے حل کیلئے سفارتکاری ضروری ہے، محسن نقوی کی نیٹلی بیکر سے گفتگو

اسلام آباد (مشرق نیوز) اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے ملاقات کی جس میں خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات کے دوران اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے راونڈ کے انعقاد کے حوالے سے جاری سفارتی کاوشوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر داخلہ نے جنگ بندی میں توسیع کیلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا۔محسن نقوی کا کہنا ہے کہ تنازع کے دیرپا حل کیلئے سفارتی چینل کا تسلسل ناگزیر ہے جبکہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل ہر سطح پر مسئلے کے حل کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ فریقین سفارتی اور پرامن حل کو موقع دیں گے۔ اس موقع پر نیٹلی بیکر نے خطے میں قیام امن اور تنازع کے حل کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔