ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کے ہمراہ پیرا فورس کے دفتر کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران ایس ڈی ای او پیرا فورس نعمان قیصر نے کمشنر کو دفتر کی موجودہ صورتحال اور شہر میں جاری کارروائیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے پیرا فورس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ نیک نیتی، ایمانداری اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کے قیام میں پیرا فورس کا کردار انتہائی اہم ہے۔ کمشنر نے پیرا فورس کے زیر تعمیر دفتر کا بھی جائزہ لیا، جہاں محکمہ بلڈنگ کے افسران نے انہیں تعمیراتی کام کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کو جلد از جلد شروع کر کے مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ پیرا فورس کو جدید اور بہتر سہولیات میسر آ سکیں اور وہ نئی عمارت میں جلد منتقل ہو سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اداروں کی بہتری اور عوامی سہولت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ بعد ازاں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)سمیع اللہ فاروق نے ساہیوال کلب کا دورہ کیا انہوں نے زیر تعمیر کیفے کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کام کی رفتار کو تیز کیا جائے جاری کام کے حوالے سے سیکرٹری شیخ عظمت سلیم نے تفصیلی بریفنگ دی۔ علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر)سمیع اللہ فاروق کے ہمراہ زیر تعمیر اولڈ ہڑپہ روڈ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران محکمہ ہائی وے کے افسران نے کام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ کام کو ترجیح بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات ختم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کام کو ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔
شہریوں کے تحفظ ، امن و امان کے قیام میں پیرا فورس کا کردار انتہائی اہم ہے:کمشنر ساہیوال



















