عباس عراقچی کی پھر پاکستان آمد، دباو میں آ کر امن مذاکرات نہیں کرینگے،مسعود پزشکیان

تہران،اسلام آباد:(مشرق نیوز )ایران کے صدرمسعود پزشکیان نے کہا ہے دھمکیوں ،ناکہ بندی کے دوران جبری مذاکرات نہیں ہوں گے،ماضی میں کیے گئے امریکہ سے مذاکرات نے بداعتمادی میں اضافہ کیا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم شہبازشریف سے ٹیلی فونک گفتگو میں کیا۔

مسعود پزشکیان نے کہا مذاکرات بحال کرنے کےلئے امریکہ رکاوٹیں ہٹائے اوربحری ناکہ بندی ختم کرے،جارحانہ اقدامات کے خاتمے تک اعتماد بحال نہیں ہوسکتا، ایران کسی دباو میں آکر امن مذاکرات نہیں کرے گا۔

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی دوبارہ اسلام آباد پہنچ گئے ،اعلیٰ حکام سے نور خان ایئربیس پراستقبال کیا ،ذرائع کے مطابق مذاکرات کےلئے ایرانی وفد بھی اسلام آباد پہنچ گیا،ایرانی وزیر خارجہ پاکستانی قیادت کےساتھ پھردوطرفہ ملاقات کریں گے،امن مذاکرات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیاجائےگا،عراقچی پاکستان کادورہ مکمل کرکے ماسکو جائیں گے۔

قبل ازیں ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے عمان کے سلطان ہیثم بن طارق السید سے ملاقات کی ،آبنائے ہرمز سے محفوظ آمد و رفت اورعلاقائی سکیورٹی پرتبادلہ خیال کیا گیا،عباس عراقچی نے کہا مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی موجودگی عدم تحفظ اور تقسیم کو ہو ادے رہی ہے،علاقائی ممالک امریکی مداخلت سے آزاد مشترکہ سکیورٹی نظام تشکیل دیں