آزاد کشمیر میں امن کے قیام کیلئے جماعت اسلامی کاگرینڈ جرگہ تشکیل


لاہور: (اپنے نمائندے سے)مجلس شوریٰ جماعت اسلامی پاکستان نے آزاد کشمیر کی صورتحال میں بہتری ، مذاکرات کے آغاز کےلئے گرینڈ کشمیر امن جرگہ تشکیل دےدیا،امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی صدارت میں ہونے والے مرکزی شوری کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا گرینڈ جرگہ عوامی ایکشن کمیٹی اور حکومت سے رابطہ کرے گا، آزاد کشمیر مسائل کا حل اور ہر صورت امن کا قیام جرگے کی ترجیحات میں شامل ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے لائحہ عمل پر پیشرفت کےلئے نائب امیر لیاقت بلوچ کی سربراہی میں کمیٹی بھی قائم کردی،مشتاق خان امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ، سابق امرا آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی اور ڈاکٹر خالد محمود کمیٹی کے ذمہ داران میں شامل ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے حکومت پر زور دیا آزادکشمیر کے حالات کو معمول پر لانے کےلئے ہر صورت میں مذاکرات کا آغاز کرے،کشمیر ، پاکستان کی شہ رگ ہے ، کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ریاست ماں کا کرداد ادا کرے ، ناراض لوگوں کو گلے لگائے، بلوچستان ، کے پی کی صورتحال سب کے سامنے ہے اور اب آزاد کشمیر کے حالات خراب بنا دئیے گئے،پاکستان اپنے گھر میں ہی مزید دشمنیوں کا متحمل نہیں ہوسکتا۔