آئندہ 5 روز تک ملک میں شدید گرمی کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

اسلام آباد (مشرق نیوز) محکمہ موسمیات نے خبر دار کیا ہے کہ آج سے 11 مئی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی لہر کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دادو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر، سبی، تربت اور پنجگور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

اسی طرح ملتان، ڈیرہ غازیخان سمیت جنوبی پنجاب، ڈیرہ اسماعیل خان میں 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ پہنچ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور سیالکوٹ سمیت بالائی پنجاب میں درجہ حرارت 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ ماہرین نے سخت گرمی میں شہریوں کو دھوپ میں غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے اور زیادہ سے زیادہ پانی پینے کا مشورہ دیا ہے۔