لاہور (مرزا ندیم بیگ) صوبائی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور جرائم کی روک تھام کیلئے قائم پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا جدید سرویلنس سسٹم اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے موثر انداز میں خدمات انجام دے رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور شہر میں اس وقت 8 ہزار سے زائد سیف سٹی کیمرے مختلف شاہراہوں، حساس مقامات، بازاروں، داخلی و خارجی راستوں اور اہم عوامی مقامات پر نصب ہیں جو شہر بھر میں نگرانی، ٹریفک مینجمنٹ اور ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس کو مزید مو¿ثر بنا رہے ہیں،سیف سٹی کا جدید کیمرہ نیٹ ورک ای چالان، فیشل ریکگنیشن، ورچوئل پٹرولنگ، جرائم کی نگرانی اور جدید اینالیٹکس سسٹمز کے ذریعے شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ تمام جدید کیمرہ سسٹمز کو اے آئی بیسڈ ٹیکنالوجی کے ساتھ منسلک کیا جاچکا ہے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی بروقت نشاندہی اور مو¿ثر مانیٹرنگ کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔ ذرائع کے مطابق شہر میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں، انفراسٹرکچر اپ گریڈیشن اور دیگر تکنیکی عوامل کے باعث بعض مقامات پر کیمرے عارضی طور پر متاثر ہو سکتے ہیں تاہم پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی تکنیکی ٹیم مسلسل مانیٹرنگ اور فوری آپریشنل اقدامات کے ذریعے ایسے کیمروں کو بروقت بحال کر رہی ہے تاکہ نگرانی کا نظام بلا تعطل جاری رکھا جا سکے۔ پنجاب حکومت کے ویڑن کے تحت صوبے بھر میں سمارٹ سیف سٹی منصوبوں پر کامیابی سے کام جاری ہے جبکہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں جدید سرویلنس، ٹریفک مانیٹرنگ اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز موثر انداز میں فعال ہیں۔ ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق جدید اے آئی ٹیکنالوجی، اینالیٹکس سسٹمز اور ورچوئل پٹرولنگ کی مدد سے جرائم کی بروقت نشاندہی، شہریوں کے تحفظ اور فوری رسپانس کے نظام کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔
لاہور میں امن و امان، جرائم کی روک تھام میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا اہم کردار



















