پاک افغان صورتحال پر برطانوی موقف زمینی حقائق کے منافی ہے،دفتر خارجہ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)دفتر خارجہ نے کہا ہے پاک افغان سرحدی صورتحال پر برطانوی موقف زمینی حقائق کے منافی ہے۔

اپنے بیان میںطاہر اندرابی نے کہا بیان زمینی حقائق ، خطے کی پیچیدہ سرحدی صورتحال کی مکمل سمجھ کے بغیر دیا گیا،حقائق کی درست عکاسی نہیں کرتا،مارچ 2026 میں پاکستان کی جانب سے خیرسگالی کے طور پر عارضی وقفے کے اعلان کے باوجود افغان سرزمین سے جارحیت ،دہشتگردوں کی دراندازی کی کوششیں مسلسل جاری رہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا طالبان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور حملوں کےساتھ مبینہ طور پر حمایت یافتہ بھارتی پراکسیز کی کارروائیوں کے نتیجے میں 52 شہری شہید ، 84 زخمی ہوئے،پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے موثر و ہدفی کارروائیاں کیں، دہشتگردوں کے ٹھکانوں ،سہولت کار ڈھانچوں کو نشانہ بنایا گیا ،متعدد دراندازی کی کوششیں ناکام بنائی گئیں۔

طاہر اندرابی نے افغان حکام کے شہری ہلاکتوں کے دعووں کو بے بنیاد و شواہد سے عاری قرار دیتے ہوئے کہا عالمی برادری خطے کی صورتحال کو دہشتگردی کےخلاف پاکستان کی قربانیوں ، اصولی موقف کی روشنی میں دیکھے اور حقائق پر مبنی غیر جانبدار رائے اختیار کرے۔