انفلوئنسر لاریب ملک نے رجب بٹ کا پیغام لیک کردیا

لاہور (مشرق نیوز) پاکستانی سوشل میڈیا سٹار رجب بٹ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے، مگر اس بار معاملہ ان کی نجی زندگی سے جڑا نیا تنازع بن کر سامنے آیا ہے۔ معروف انفلوئنسر لاریب ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ رجب بٹ نے انہیں انسٹاگرام پر ذاتی پیغام بھیجا، جس کے بعد انہوں نے نہ صرف فوری طور پر انہیں بلاک کیا بلکہ مبینہ اسکرین شاٹس بھی سوشل میڈیا پر شیئر کر دئیے۔

وائرل ہونے والی اطلاعات کے مطابق رجب بٹ نے لاریب ملک کو خود کو ’بڑا مداح‘ ظاہر کرتے ہوئے رابطہ کیا تاہم لاریب نے اس پیشرفت کو نظر انداز کرنے کے بجائے عوامی سطح پر سامنے لانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں واضح کیا کہ انہوں نے ’کوئین بیہیویئر‘ اپناتے ہوئے فوراً بلاک کردیا۔ اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے لاریب کے موقف کو سراہا جبکہ رجب بٹ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

یہ تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب رجب بٹ پہلے ہی اپنی اہلیہ ایمان فاطمہ سے علیحدگی اور طلاق سے متعلق خبروں کے باعث شدید عوامی بحث کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔ انکی ازدواجی زندگی کے گرد گردش کرنیوالی افواہوں نے پہلے ہی ان کے مداحوں کو تقسیم کر رکھا تھا، اور اب یہ نیا واقعہ ان کی سوشل میڈیا ساکھ پر مزید سوالات اٹھا رہا ہے۔

رجب بٹ کا نام گزشتہ چند برسوں میں کئی تنازعات سے جڑ چکا ہے۔ شاہانہ طرز زندگی کی نمائش، شادی کی تقریبات میں غیر معمولی اخراجات، غیر قانونی شیر کے بچے رکھنے کا مقدمہ، متنازع پرفیوم لانچ، مذہبی حساسیت سے جڑے مقدمات اور متعدد آن لائن اسکینڈلز انہیں بارہا خبروں میں لا چکے ہیں۔ ناقدین کے مطابق ان کے گرد تنازعات کا یہ تسلسل ان کی عوامی شخصیت کا مستقل حصہ بنتا جا رہا ہے۔

تازہ واقعہ کے بعد سوشل میڈیا پر ایک بار پھر رجب بٹ کے رویے، نجی تعلقات اور عوامی امیج پر بحث چھڑ گئی ہے۔ اگرچہ رجب بٹ کی جانب سے اس معاملے پر فوری باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم یہ واقعہ ان کیلئے ایک اور نیا بحران بنتا دکھائی دے رہا ہے۔