ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ اداروں سے کرپشن اور بدعنوانی کا خاتمہ حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے واضح ہدایات ہیں کہ کرپشن کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں منعقدہ ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں آر پی او ایاز سلیم، ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، ڈی پی او عثمان ٹیپو، ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، اے ڈی سی جنرل نیاز احمد مغل، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید، ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی، ڈپٹی کمشنر پاکپتن آصف رضا، ڈی پی او جاوید اقبال چدھڑ نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے نیشنل ایکشن پلان سمیت حکومت کے عوامی فلاحی اقدامات،اداروں کے باہمی روابط، غیرقانونی ہاوسنگ سوسائٹیز کے خلاف کاروائیوں، مدارس کی رجسٹریشن، پیرافورس اور میپکو، لیسکو کی کارکردگی، نان ٹیکس پیڈ سگریٹس کی فروخت کے خلاف کاروائیوں، لاءاینڈ آرڈر اور بیوٹیفکیشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ صوبے بھر میں جاری ترقیاتی کاموں پر بھی حکومت پنجاب کا فوکس ہے اور تمام جاری منصوبوں کے معیار کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال میں جائیداد کی خریدوفروخت کے لئے گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کا اجراءکردیا گیا ہے جس سے کرپشن اور فراڈ کا خاتمہ ہوجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں شامل کیا جارہا ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال ڈویژن میں قانونی کی پاسداری پر سختی سے عملددرآمد یقینی بنایا جائے گا اورکسی قسم کے بھی غیرقانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔
اداروں سے کرپشن اور بدعنوانی کا خاتمہ حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے :کمشنر ساہیوال



















