ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال کی نئی زیرِ تعمیر عمارت کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہیں جاری ترقیاتی کاموں اور جدید پیپر لیس نظام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ دورے کے موقع پر سیکرٹری بورڈ غلام حسین بھٹی اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رانا نوید عظمت بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ سیکرٹری بورڈ نے کمشنر کو عمارت کی تعمیراتی پیش رفت، سہولیات اور ڈیجیٹلائزیشن کے اقدامات سے آگاہ کیا، جن کا مقصد طلبہ کو جدید اور آسان تعلیمی خدمات فراہم کرنا ہے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے عمارت کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ باقیماندہ کام کو ترجیحی بنیادوں پر جلد مکمل کیا جائے تاکہ عمارت کو مکمل طور پر فعال بنا کر طلبہ و طالبات کو تمام سہولیات ایک ہی چھت تلے مہیا کی جا سکیں۔ انہوں نے اس منصوبے کو تعلیمی معیار کی بہتری کی جانب اہم قدم قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ معیار اور رفتار دونوں پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ یہ منصوبہ جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچ سکے۔
جدید سہولیات کا مقصد طلبہ کو آسان تعلیمی خدمات فراہم کرنا ہے: کمشنر ساہیوال



















