لاہور:(نمائندہ خصوصی)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے پنجاب میں کوئی ”نو گو ایریا“ نہیں ہوگا اور کچہ اب مکمل طور پر’ ’پکا“ علاقہ بنے گا، 76 سال بعد کچے میں ریاست کی رٹ قائم ، ڈاکووں کا راج ختم کر دیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے کچے کی ترقی کےلئے 23 ارب روپے کے بڑے منصوبے کی منظوری دی ،کچے کے عوام کو 14 ہزار 500 ایکڑ سرکاری زمین کاشت کےلئے مفت فراہم کی جائے گی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا جامع منصوبے میں اپنا کھیت اپنا روزگار، نئے سکولز اور کالجز، خواتین کےلئے1000 لائیو سٹاک کارڈز، 300 ہونہار سکالرشپس، سیف سٹی پروگرام، بچوں کےلئے مفت لیپ ٹاپ کا کوٹہ اور مثالی گاوں جیسے اہم اقدامات شامل ہیں، کچے کے علاقے کو جدید ڈرونز، جدید اسلحہ، تھرمل امیجنگ آلات اور ڈیجیٹل سرویلنس کے ذریعے مانیٹر کیا جائے گا، اب کسی بھی ڈاکو یا تخریب کار کو وہاں دوبارہ قدم جمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کچے کے نوجوانوں کو پولیس بھرتیوں میں قد اور چھاتی کے معیار میں خصوصی رعایت دی جائے گی تاکہ مقامی افراد کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
پنجاب اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کچے کے 3 اضلاع میں موجود 14 ہزار 500 ایکڑ سرکاری زمین مقامی کاشتکاروں کو کاشت کےلئے بالکل مفت دی جائے گی تاکہ اپنا کھیت، اپنا روزگارسکیم کے تحت وہاں کے لوگ خود مختار ہو سکیں، ساتھ ساتھ کچے کے مخصوص علاقوں میں گنے اور کمال کی فصل اگانے پر پابندی برقرار رہے گی کیونکہ فصلیں ماضی میں جرائم پیشہ افراد کے چھپنے کا ذریعہ بنتی تھیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا ترقیاتی پروگرام کے تحت کچے میں نئے سکولوں کا قیام اور پرانے سکولوں کی اپ گریڈیشن کی جائے گی، کچے کے طلبہ کےلئے 300 ہونہار سکالرشپس اور لیپ ٹاپس کا خصوصی کوٹہ مختص کیا گیا ہے، علاوہ ازیں خواتین کےلئے سکل ڈیویلپمنٹ پروگرامز اور لائیو اسٹاک سکیمیں بھی شروع کی جا رہی ہیں، کچے کو ڈاکووں اور دہشت گردوں سے کلیئر کرانے کا اعزاز وزیراعلیٰ مریم نواز کو جاتا ہے، اب وہاں مستقل امن کےلئے پولیس کو جدید ڈرونز، تھرمل امیجنگ آلات اور ڈیجیٹل سرویلنس فراہم کی جا رہی ہے۔
پنجاب میں کوئی ”نو گو ایریا“ نہیں ہوگا، کچہ اب ”پکا“ علاقہ بنے گا، عظمیٰ بخاری



















