لاہور (وقائع نگار) وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے34ویں اجلاس میں اہم فیصلے اور منظوریاں دی گئیں، پنجاب کابینہ نے معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر قائد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ائیر و نیول چیف کو زبردست خراج تحسین پیش کیا، صوبائی کابینہ نے کچے میں کامیاب آپریشن پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو بھی خراج تحسین پیش کیا، اجلاس میں وزیراعلیٰ نے تیز ترین انشورنس کمپنی کے قیام پر وزیر خزانہ اور سیکرٹری فنانس کی کارکردگی کو سراہا،صوبائی کابینہ نے کمپنی کے قیام کی باضابطہ منظوری دےدی، پنجاب کابینہ نے چولستان اور کچے کے شہریوں کےلئے آسان شرائط پر”اپنا کھیت، اپنا روزگار“ سکیم شروع کرنے کی منظوری دےدی،”اپنا کھیت، اپنا روزگار“ سکیم کےلئے 30ہزار لاٹ کی شناخت کر لی گئی، ”اپنا کھیت، اپنا روزگار“ سکیم میں اب تک تقریباً2 لاکھ خاندانوں کی ایپلی کیشنز موصول ہوئیں، مریم نواز نے”اپنا کھیت، اپنا روزگار“ سکیم کی کڑی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا شہریوں کو اپنا کھیت، اپنا روزگارسکیم کی پوری معلومات ایک کلک پر مہیا ہونی چاہیے، صوبائی کابینہ نے22 مئی سے 24 اگست تک سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں، قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں مزید 200 ایکڑ رقبے کی توسیع ، پنجاب میں ایکسل لوڈ مینجمنٹ نظام کے نفاذ ، مری گلاس ٹرین منصوبے کےلئے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی تنخواہوں ، الاونسز ، پنجاب آٹزم سکول اینڈ ریسورس سینٹر (ترمیم) ایکٹ 2026 کے ڈرافٹ بل، پنجاب کنٹرول آف غنڈہ اینڈ اینٹی سوشل بیہویئر ایکٹ 2025 ، مریم کو بتائیں پروگرام کے اہلیت کے معیار ، فنانشل ایلوکیشن میں تبدیلی ، سیلاب سے بچاو، دریاوں کے کٹاو کو روکنے کےلئے حفاظتی اقدامات ،پوٹھوہار میں زراعت کی تبدیلی کے منصوبے اور سبسڈی، پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی تنظیم نو، استعداد کار بڑھانے، انسداد پرتشدد انتہاپسندی ایکٹ 2025 میں ترمیم، اینٹی ٹیرارزم ایکٹ 1997 میں ترمیم، جدید صوبائی ٹریفک مینجمنٹ اینڈ کمانڈ سینٹر (PTM&CC) کے قیام، داتا دربار ہسپتال کا انتظام محکمہ اوقاف کے زیر کنٹرول لینے کی منظوری سمیت اہم فیصلے کئے گئے۔
پنجاب:22مئی سے23اگست تک سکولوں میں تعطیلات،چولستان، کچے کے شہریوں کیلئے”اپنا کھیت، اپنا روزگار“ سکیم



















