صوبہ پنجاب کی ترقی کا سنہرا اور شاندار دور شروع ہوچکا: وزیراعلیٰ مریم نواز

لاہور (مشرق نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پنجاب کی ترقی کا سنہرا دور شروع ہو چکا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔

دوران ملاقات ارکان اسمبلی نے شہروں کی طرح دیہات میں بھی ستھرا پنجاب کے تحت صفائی کا مربوط نظام لانے پر اظہار مسرت کیا اور پنجاب کی 13 ہزار روڈز کی تعمیرو مرمت اور توسیع کو بھی سراہا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پنجاب کی ترقی کا سنہرا دور شروع ہوچکا ہے، تین ہزار سے زائد مراکز صحت کا سٹیٹ آف دی آرٹ ہیلتھ کلینک میں بدلنے سے ہیلتھ کلچر بدل گیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال اور نواز شریف میڈیکل سٹی کو جلد از جلد مکمل کریں گے، پہلا سرکاری آٹزم سکول مریض بچوں کے لئے روشنی کی کرن ہے، سرگودھا میں انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بننے سے مریضوں کو آسانی اور سہولت حاصل ہوئی،ہر ضلع میں کیتھ لیب پراجیکٹ کی وجہ سے امراض دل کا فوری اور موثر علاج ممکن ہو رہا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ہر ضلع میں فالج کے فوری علاج کیلئے سٹروک مینجمنٹ سنٹر قائم کئے جا رہے ہیں، اپنا چھت، اپنا گھر سکیم کے تحت سوا لاکھ کے لگ بھگ گھر تیزی سے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب میں بے روزگار اور بے زمین کاشتکاروں کیلئے اپنا کھیت، اپنا روزگار پراجیکٹ شروع کر رہے ہیں، الیکٹرک بس پنجاب کے ہر دوردراز دیہات میں عوام کو آرام دہ اور مفت سفر کی سہولت مہیا کر رہی ہے۔