پورٹ آف سپین (مشرق نیوز) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں مقابلہ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ تیسرے روز کے اختتام تک ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنا لئے ہیں اور مجموعی طور پر پاکستان پر 60 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔
اس سے قبل پاکستان نے 266 رنز پر 2 وکٹوں سے اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی۔ عبداللہ شفیق نے شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 160 رنز سکور کئے جبکہ کپتان بابر اعظم 88 رنز بنا کر رن آو¿ٹ ہوگئے۔ بعد ازاں اویس ظفر، سلمان علی آغا، محمد رضوان، علی عثمان، عبید شاہ اور محمد علی زیادہ مزاحمت نہ کرسکے، جبکہ ساجد خان نے 30 رنز کی مفید اننگز کھیل کر عبداللہ شفیق کا بھرپور ساتھ دیا۔
پاکستان کی پوری ٹیم 387 رنز بنا کر آو¿ٹ ہوئی اور پہلی اننگز میں 43 رنز کی اہم برتری حاصل کی۔ جواب میں ویسٹ انڈیز نے محتاط انداز میں دوسری اننگز کا آغاز کیا اور تیسرے دن کے اختتام تک 6 وکٹوں پر 103 رنز بنا کر 60 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔
پاکستان کے ساجد خان نے 4 وکٹیں لیں، جبکہ علی عثمان نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ اب چوتھے روز دونوں ٹیموں کی نظریں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے پر مرکوز ہوں گی، جہاں ایک اچھی شراکت یا چند جلد وکٹیں میچ کا رخ بدل سکتی ہیں۔
دوسرے ٹیسٹ کا تیسرا دن، ویسٹ انڈیز کے 6 وکٹوں پر 103 رنز، 60 رنز کی برتری حاصل


















