صوبے میں امن کا سورج ہر صورت طلوع ہوگا، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ:(بیورورپورٹ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے صوبے میں امن کا سورج ہر صورت طلوع ہوگا۔

کوئٹہ میں اینٹی ٹیررسٹ فورس سکول میں اے ٹی ایف کے 20 ویں بنیادی تربیتی کورس کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا دہشتگردی کے خاتمے کےلئے ریاست پوری قوت کےساتھ کارروائیاں جاری رکھے گی، بندوق کے زور پر کسی نظرئیے کو مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ،گمراہ عناصر کےلئے ریاست کے دروازے اب بھی کھلے ہیں، تشدد ترک کرکے قومی دھارے میں واپس آنے والوں کیلئے بحالی، تعلیم، صحت اور روزگار کاجامع حکومتی منصوبہ موجود ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا ملک کےخلاف منظم سازش کے تحت نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،سیاسی تقسیم نہیں ،قومی اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے، نوجوانوں کو ریاست سے دور کرنے کی بجائے قومی دھارے میں شامل کیا جانا چاہیے۔