اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم، فیلڈ مارشل سے کویتی وزیر خارجہ کی ملاقات،دونوں ممالک نے تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق کرلیا۔
شہباز شریف نے پاکستان ،کویت کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، زراعت، آئی ٹی و دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا ،خلیجی ممالک پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں علاقائی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور مستقبل میں اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا،وزیراعظم نے کویتی وزیر خارجہ کا خیرمقدم کیا اور امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح ،ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح کےلئے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے کہادونوں برادر ممالک نے ہر مشکل ،ہر خوشی کے موقع پر ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ،کویت کی قیادت ،عوام کےساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں،پاکستان خطے میں امن کے قیام کےلئے دیانت دار ،مخلص ثالث و سہولت کار کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے ،کوششوں کی حمایت پر کویتی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
کویتی وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے وزیراعظم کو قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا،موجودہ بحران کے حل ،خطے میں امن کی بحالی کےلئے مذاکرات و سفارت کاری کے فروغ میں پاکستان،بالخصوص وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم ، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خدمات کو سراہا۔
دریں اثنا فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے ملاقات کی ،دوطرفہ تعاون ،علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال اور برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،کویتی وزیر خارجہ نے خطے میں امن، استحکام اور سکیورٹی کے فروغ کےلئے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کویت کےساتھ مضبوط و دیرینہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہادونوں ممالک کا علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کےلئے مشترکہ ویژن ہے ،تعاون کو وسعت دینے کےلئے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم، فیلڈ مارشل سے کویتی وزیر خارجہ کی ملاقات،تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق



















