جیل اہلکار ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث، ملزم کا درجنوں شہریوں کو لوٹنے کا اعتراف

لاہور (مرزا ندیم بیگ) جیل اہلکار ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث، انکوائری شروع،فیصل آباد میں جیل خانہ جات کے ایک اہلکار کے جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جس کے بعد محکمہ جیل خانہ جات میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی جیل خانہ جات فیصل آباد کی سرکاری رہائش گاہ پر سکیورٹی ڈیوٹی انجام دینے والا اہلکار یونس مبینہ طور پر اے ٹی ایم مشینوں کے قریب شہریوں کو نشانہ بنا کر ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث پایا گیا ہے۔ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے شہر کے مختلف علاقوں میں درجنوں شہریوں کو لوٹنے کا اعتراف کیا ہے۔ وارداتوں کا طریقہ کار یہ تھا کہ ملزم اے ٹی ایم بوتھ کے قریب مشکوک انداز میں گھومتا رہتا اور موقع پا کر شہریوں کو اسلحہ کے زور پر لوٹ لیتا تھا۔ بعض واقعات میں اس کے ساتھیوں کے ملوث ہونے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں، جس پر پولیس نے نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ ارکان کی تلاش شروع کر دی ہے،سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ سرگودھا روڈ نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے آئے شہریوں کو لوٹنے والے ملزم کو گرفتار کیا تو دوران تفتیش معلوم ہو اکہ وہ جیل ملازم ہے ملزم سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد، ذرائع کے مطابق گرفتار ڈکیت تھانہ سرگودھا روڈ کے مختلف مقامات پر قائم بنک اے ٹی ایم پر پیسے نکلوانے آئے شہریوں سے اسلحہ کے زور پر رقوم چھین نے متعدد واردتوں میں ملوث اور شہریوں کے لیئے خوف کی علامت بن چکا تھا، گرفتار ملزم کی مختلف بنکوں کے اے ٹی ایم بوتھ میں اسلحہ کے زور پر شہریوں سے ڈکیتی کی وارداتیں کرتے سی سی ٹی وی فوٹیج فرسٹ انفارمیشن رپورٹ کو موصول فوٹیج میں ہیلمٹ پہن کر شناخت چھپائے جیل اہلکار کو اسلحہ کے زور پر شہریوں سے نقدی چھینتے دیکھا جا سکتا ہے ملزم کی شناخت نہ ہونے کی وجہ سے اسکی گرفتاری پولیس کیلئے چیلنج بن چکی تھی جس کو ایس ایچ او تھانہ سرگودھا روڈ سب انسپکٹر رانا رضوان نے ٹیکنیکل وسائل اور پیشہ ورانہ صلاحیت سے گرفتار کرکے ملزم کے قبضہ سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کرلیا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت غلام محمد آباد کے رہائشی یونس ولد علی محمد کے نام سے ہوئی جو جیل کا ملازم اور ڈی آئی جی جیل خانہ جات کی کوٹھی میں سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات تھا پولیس نے گرفتار ملزم کیخلاف کاروائی کا آغاز کردیا،اس حوالے سے ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر میاں سالک جلال نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم یونس محکمانہ طور پر فیصل آباد جیل میں تعینات تھا تاہم اسے عارضی طور پر ریجنل آفس کے ساتھ اٹیچ کیا گیا تھا، جہاں وہ سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دے رہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعہ کی مکمل محکمانہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے اور شواہد کی روشنی میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی،انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی بھی سطح پر غفلت یا ملی بھگت ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف بھی کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ محکمہ جیل خانہ جات نے اس واقعہ کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہوئے سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کی چھان بین کا عمل بھی تیز کر دیا ہے،پولیس حکام کے مطابق ملزم کو حراست میں لیکر تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے جبکہ متاثرہ شہریوں کی نشاندہی اور مزید شواہد اکٹھے کرنے کا عمل جاری ہے اس کے علاوہ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرمیاں سالک جلال کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار جیل ملازم کے بارے میں جو کہا جا رہا تھا کہ لاہور کے کسی ڈی آئی جی جیل خانہ جات کی کوٹھی پر ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہا تھا اس میں کوئی حقیقت نہیں لاہور اس کی کہیں بھی تعیناتی نہیں تھی ، دوسری جانب شہریوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔ یاد رہے حالیہ عرصے میں اے ٹی ایم مشینوں کے قریب ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات کو مزید مو¿ثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔