کراچی (مشرق نیوز) پاکستان میں ایچ آئی وی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جہاں سال 2025 کے دوران 14182 نئے کیس رپورٹ کئے گئے۔ وزارت صحت کے مطابق 2025 میں نئے ایچ آئی وی کیسوں کی ماہانہ اوسط 1182 رہی جبکہ مارچ میں سب سے کم 1016 اور جولائی میں سب سے زیادہ 1443 کیس سامنے آئے، سال کے دوسرے حصے میں کیس کی شرح نسبتاً زیادہ رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق نئے کیسز میں 8,386 مرد شامل ہیں جو مجموعی تعداد کا 59 فیصد بنتے ہیں، جبکہ خواتین کے 3314 کیس رپورٹ ہوئے جو 23 فیصد ہیں، اسی طرح 1748 بچے (12 فیصد) اور 734 خواجہ سرا افراد (5 فیصد) بھی متاثرہ افراد میں شامل ہیں۔
صوبائی سطح پر پنجاب میں سب سے زیادہ 7920 کیس رپورٹ ہوئے، جبکہ سندھ میں 3,859 کیس سامنے آئے، خیبرپختونخوا میں 1383، اسلام آباد میں 498 اور بلوچستان میں 472 کیس رپورٹ کئے گئے۔ مزید برآں آزاد کشمیر میں 43 جبکہ گلگت بلتستان میں 7 کیس رپورٹ ہوئے۔
ذرائع کے مطابق 2024 میں تقریباً 13 ہزار کیس ریکارڈ کئے گئے تھے جبکہ دسمبر 2025 تک ملک میں ایچ آئی وی کے مجموعی رجسٹرڈ کیس کی تعداد 84 ہزار 421 تک پہنچ چکی ہے۔ ایڈز کنٹرول پروگرام کے مطابق اس وقت 60 ہزار 785 افراد علاج حاصل کر رہے ہیں تاہم ماہرین نے اس بڑھتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مزید موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ایچ آئی وی کیسوں میں اضافہ، 2025 میں 14 ہزار سے زائد مریض رپورٹ


















