اسلام آباد (مشر ق نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے مختلف ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججوں کی تقرری اور بعض ایڈیشنل ججوں کی توثیق کی منظوری دیدی۔ صدر مملکت نے لاہور ہائیکورٹ، سندھ ہائیکورٹ، پشاور ہائیکورٹ، اسلام آباد ہائیکورٹ اور بلوچستان ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججوں کی تقرری کی منظوری دی، انہوں نے سندھ ہائیکورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کے بعض ایڈیشنل ججوں کی بطور مستقل ججوں توثیق کی منظوری بھی دی ہے۔
آصف علی زرداری نے سپریم کورٹ کے ججوں کی تنخواہوں، الاونسز اور پنشن کو وفاقی آئینی عدالت کے ججوں کے مساوی کرنے کی منظوری دیدی۔ صدر مملکت نے ہائیکورٹ ججوں کے رخصت، پنشن اور مراعات سے متعلق 1997 کے حکم میں ترامیم کی منظوری بھی دی۔ اسکے علاوہ ہارون اختر کو وزیر اعظم کا مشیر برائے صنعت و پیداوار مقرر کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
وزارت قانون نے صدر مملکت کی منظوری کے بعد ہائیکورٹس میں تعینات کئے جانیوالے ججوں کی تقرری کے نوٹیفکیشن جاری کر دئیے، ایڈیشنل ججوں کی تقرری ان کے حلف اٹھانے کی مدت سے ایک سال کیلئے ہوگی۔ بلوچستان ہائیکورٹ کیلئے تین ایڈیشنل ججوں کی تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا جن میں ایڈووکیٹ سپریم کورٹ روف عطا، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اللہ داد روشن، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالقیوم لہری شامل ہیں۔
وزارت قانون نے 10 ایڈیشنل ججوں کی تقرری کا بھی نوٹیفکیشن جاری کیا، غلام سرور نہنگ، محمد اجمل خان زاہد، عامر عجم ملک، شیریں عمران، اسد علی باجوہ، محمد امجد پرویز،منور اقبال دوگل، فرہاد علی شاہ، محمد عثمان غنی، خالد ابن عزیز لاہور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل جج تعینات کئے گئے۔
سندھ ہائیکورٹ میں ہمایوں خان، سریش کمار، ڈاکٹر شاہنواز میمن کو ایڈیشنل جج تعینات کیا گیا، جبکہ ایڈیشنل جج جسٹس طارق محمود باجوہ کو مستقل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا اور ایڈیشنل جج خالد حسین شاہانی کی مدت میں 6 ماہ کی توسیع کر دی گئی۔
صدر زرداری نے ایڈیشنل ججوں کی تقرری و توثیق کی منظوری دیدی
















