نوجوان پیرامیڈکس کو جدید ایمرجنسی میڈیکل تربیت انقلابی کاوش ہے: سلمان رفیق

لاہور (کرائم رپورٹر) ریسکیو 1122 ہیڈکوارٹرز میں وزیراعلیٰ پنجاب ریسکیو انٹرن شپ پروگرام کے تحت تربیت مکمل کرنے والے انٹرنز کی پاسنگ آوٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ پارلیمانی سیکرٹری برائے فاریسٹ و وائلڈ لائف قاسم ندیم اور سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر بھی موجود تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک اور قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد مہمانانِ خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شروع کیا گیا ریسکیو انٹرن شپ پروگرام نوجوان پیرامیڈکس کو جدید ایمرجنسی میڈیکل تربیت، بہتر روزگار کے مواقع اور عوامی خدمت کے جذبے سے آراستہ کرنے کی ایک انقلابی کاوش ہے۔ انہوں نے تربیت مکمل کرنے والے انٹرنز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 آج بین الاقوامی معیار کا ادارہ بن چکا ہے، جہاں 30 سے زائد ممالک سمیت پاکستان کے تمام صوبوں کے ٹرینیز تربیت حاصل کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صرف آٹھ ہفتوں میں 300 سے زائد انٹرنز کو معیاری تربیت فراہم کرنے پر ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے انسٹرکٹرز خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 اب تک دو کروڑ سے زائد ایمرجنسی متاثرین کو خدمات فراہم کر چکی ہے، جن میں 50 لاکھ سے زائد ٹریفک حادثات اور تقریباً 2 لاکھ 94 ہزار آتشزدگی کے واقعات شامل ہیں، جبکہ موٹر بائیک ریسکیو سروس 48 لاکھ سے زائد ایمرجنسیز پر اوسطاً چار منٹ کے رسپانس ٹائم کے ساتھ خدمات انجام دے چکی ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی خصوصی دلچسپی سے ریسکیو 1122 کو جدید اربن سرچ اینڈ ریسکیو آلات، خصوصی ریسکیو گاڑیاں، نئی ایمبولینسز، فائر ٹینڈرز، موٹر بوٹس، سکوبا ڈائیونگ آلات، ہائیڈرولک کٹرز اور دیگر جدید سامان فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب ایئر ایمبولینس سروس، تحصیل سطح تک فائر سروس کی توسیع، تمام موٹرویز پر ریسکیو خدمات، میت منتقلی سروس، ریسکیو سٹیشنوں کی سولرائزیشن اور دیگر منصوبوں پر بھی عملدرآمد کر رہی ہے۔انہوں نے پاس آوٹ ہونے والے انٹرنز پر زور دیا کہ وہ مسلسل سیکھنے، جسمانی فٹنس برقرار رکھنے اور عوام کے ساتھ ہمدردی، خدمت اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ ریسکیو 1122 کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔پارلیمانی سیکرٹری قاسم ندیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ ان کے والد نے ریسکیو 1122 کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے خواجہ سلمان رفیق، ڈاکٹر رضوان نصیر اور پوری ریسکیو ٹیم کو کامیاب خدمات پر مبارکباد دیتے ہوئے تمام انٹرنز کے روشن مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا انٹرن شپ پروگرام نوجوانوں کیلئے ایک تاریخی اقدام ہے اور بہترین کارکردگی دکھانے والے انٹرنز کو مستقبل میں ریسکیو سروس کا حصہ بننے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کو اقوام متحدہ کی جانب سے بھی سرٹیفائیڈ کیا جا چکا ہے اور گزشتہ سیلاب اور کورونا وبا کے دوران ادارے نے مثالی خدمات انجام دیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تربیت مکمل کرنے والے انٹرنز اپنے اپنے علاقوں میں عوام کے جان و مال کے تحفظ اور حادثات سے بچاو میں موثر کردار ادا کریں گے۔