وزیراعظم کی ترک کاروباری گروپوں کو پاکستان میں انوسٹمنٹ کی دعوت

استنبول (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ترک کاروباری گروپوں سے اہم ملاقاتیں کی ہیں جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف سے استنبول میں ترکیہ کے سرکردہ کاروباری گروپوں اور صنعتی تنظیموں کے اعلیٰ عہدیداران نے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے اور معیشت کے کلیدی شعبوں میں ترکی کی مزید سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔


وزیراعظم کی چالک ہولڈنگ کے چیئرمین احمد چالک، البیرک گروپ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین احمد البیرک اور یونین آف دی چیمبر اینڈ کموڈیٹی ایکسچینجز آف ترکیہ کے صدر رفعت حصار سے ملاقاتیں ہوئیں۔ ملاقاتوں کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور دونوں ممالک کے غیر معمولی تعلقات کو ایک مضبوط اقتصادی اور سرمایہ کاری شراکت داری میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے میکرو اکنامک (مجموعی معاشی) بنیادی عوامل، سرمایہ کار دوست پالیسی فریم ورک اور شفاف، پیش گوئی کے قابل اور کاروبار دوست سرمایہ کاری کا ماحول یقینی بنانے کے حکومتی عزم کو نمایاں کیا۔

وزیراعظم نے ترک کمپنیوں کو پاکستان کے ترجیحی شعبوں بشمول توانائی، کان کنی و معدنیات، انفرا اسٹرکچر، میری ٹائم (بحری امور) و لاجسٹکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، مینوفیکچرنگ، زراعت اور نجکاری میں اپنی سرمایہ کاری کا دائرہ کار بڑھانے کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ، متعلقہ وفاقی اور صوبائی حکام کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کرتے ہوئے، سٹرٹیجک سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت اور ادارہ جاتی معاونت فراہم کر رہی ہے۔ چالک ہولڈنگ کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم نے توانائی، انفرا اسٹرکچر، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور نجکاری کے شعبوں میں پاکستان میں موجود اہم مواقع پر زور دیا۔

انہوں نے پاکستان میں اپنے آپریشنز کو وسعت دینے میں کمپنی کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ چالک انرجی اور گیپ انشات کے ذریعے کمپنی کی موجودہ موجودگی گہرے تعاون کیلئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان میں البیرک گروپ کی دیرینہ سرگرمیوں کو سراہا اور پاکستان کی مواصلاتی رابطوں اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں کمپنی کے اہم کردار کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں بحری انفرا اسٹرکچر، بندرگاہوں کی جدید کاری اور لاجسٹکس کے شعبوں میں اپنی سرمایہ کاری مزید بڑھانے کی ترغیب دی۔

وزیراعظم نے پاکستان میں البیراک گروپ کی دیرینہ مصروفیات کو بھی سراہا اور کمپنی کو میری ٹائم انفرا اسٹرکچر، بندرگاہوں کی جدید کاری اور لاجسٹکس میں اپنی سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے کی ترغیب دی اور پاکستان کے کنیکٹیویٹی اور انفرا اسٹرکچر کی ترقی میں اس کے اہم کردار کو تسلیم کیا۔ یونین آف دی چیمبر اینڈ کموڈیٹی ایکسچینجز آف ترکیہ کے صدر کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان کاروباری سطح پر باہمی روابط کو مضبوط بنانے کیلئے تنظیم کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان باقاعدہ رابطوں کیلئے ایک منظم ادارہ جاتی میکانزم قائم کرنے کی تجویز دی اور TOBB کو دعوت دی کہ وہ سرمایہ کاری کے ابھرتے ہوئے مواقع کا براہِ راست جائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی کاروباری وفد کی قیادت کرتے ہوئے پاکستان کا دورہ کرے۔ ترک کاروباری رہنماو¿ں نے حکومت پاکستان کی اقتصادی اصلاحات، سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو سراہا۔

انہوں نے پاکستان کے معاشی نقطہ نظر پر اعتماد کا اظہار کیا اور پاکستان اور ترکی کے درمیان بڑھتی ہوئی اقتصادی شراکت داری میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے متعدد سٹرٹیجک شعبوں میں سرمایہ کاری کو بڑھانے اور طویل مدتی شراکت داری کو فروغ دینے میں اپنی دلچسپی کا اعادہ کیا۔