کراچی (مشرق نیوز) سابق ٹیسٹ کرکٹر فیصل اقبال کی ایک پوسٹ نے سوشل میڈیا پر قیاس آرائیوں کا طوفان برپا کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ گزشتہ روز میرپور میں شروع ہوا تاہم اس میں غیر متوقع طور پر بابر اعظم پلیئنگ الیون میں شامل نہیں ہیں۔
میچ کے آغاز سے دو روز قبل سے یہ خبریں زیر گردش تھیں کہ بنگلہ دیش سپن وکٹ کے بجائے سیم بولرز کیلئے مددگار گرین وکٹ بنائیگا اور ایسے میں پاکستان ٹیم میں کس کو کھلانا ہے اور کسے نہیں اس پر بہت سوالات ہو رہے تھے۔
پھر میچ کے آغاز سے ایک روز قبل یعنی بدھ کو یہ خبر سامنے آئی کہ بابر اعظم انجری کے باعث پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔ پاکستان اس میچ میں تین فاسٹ بولرز اور دو ڈیبیوٹنٹ بلے بازوں کے ساتھ میدان میں اترا ہے۔
اب سابق ٹیسٹ کرکٹر فیصل اقبال نے بابر اعظم کا نام لئے بغیر ذومعنی پوسٹ کرکے نئے سوالات کھڑے کردئیے ہیں۔ فیصل اقبال نے کہا کہ ’بڑے بڑے بھگوڑے بیٹر میں نے اپنے پاکستان ٹیم کے کھیلنے کے دور میں دیکھے ہیں جو گرین پچ دیکھ کر اپنی ایوریج خراب نہ ہونے کیلئے فیک انجری کا بہانا بنا کر ایکٹنگ کر کے بیٹھ جاتے تھے فٹ بال کھیلتے ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’پھر مجھے گرین پچ پر فیل ہونے کیلئے بھیجتے تھے مگر عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے اور میری پرفارمنس سب کے سامنے ہے اور پھر اپنی گروپنگ کی پاور استعمال کر کے پرفارمنس کے باوجود بھی ڈراپ کر دیتے تھے۔ سوشل میڈیا پر ان کی اس پوسٹ کو بابر اعظم کی انجری کی خبر سے جوڑا جارہا ہے۔
بابر اعظم انجرڈ یا وجہ کوئی اور؟ فیصل اقبال کی ذو معنی پوسٹ



















