بہترین حکومتی کے باعث موجودہ صورتحال میں توانائی بحران پیدا نہیں ہوا: وزیراعظم

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ انرجی سکیورٹی مستقبل کی منصوبہ بندی کا انتہائی اہم حصہ بن چکی، موجودہ صورتحال میں توانائی کی بچت، بروقت اقدامات سے توانائی کا بحران پیدا نہیں ہوا۔

سکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں خام تیل کے سٹرٹیجک ذخائر رکھنے سے متعلق منصوبے پر کام جاری ہے، توانائی کی بچت، پائیدارترقی کیلئے ذرائع آمد و رفت کو بتدریج برقی ذرائع پر منتقل کیا جائے۔ مقامی طور پر اعلی معیار کی اسٹوریج بیٹریاں تیار کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مستقبل میں سرکاری استعمال کیلئے صرف بجلی سے چلنے والی بسیں، موٹرسائیکلیں خریدی جائیں، ای وی کیلئے چارجنگ سٹیشنوں کے قیام کیلئے مزید تیزی سے اقدامات کئے جائیں، شمسی توانائی سے پیدا کردہ اضافی بجلی کی سٹوریج کیلئے بیٹریوں کاحصول آسان بنایاجائے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ملک میں اس وقت پیٹرولیم کے وافر ذخائر موجود ہیں، ملک میں غذائی سکیورٹی کی صورتحال مستحکم ہے، کمپنیوں کی مسلسل کوششوں سے گیس اورتیل کی مقامی پیداوار میں اضافہ ہورہا ہے۔ حکام کے مطابق ملک میں گرڈکی سطح پر بیٹری سٹوریج کیلئے 2 تجرباتی منصوبوں کا پی سی ون تیار کیا جا رہا ہے اور شمسی توانائی پیدا کرنے والے گھریلو صارفین کو بیٹری سٹوریج لگانے کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔