اسلام آباد (مشر ق نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے آزاد کشمیر کے انتخابات کو صاف شفاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں اپنی حکومت بنائے گی، نئے صوبوں کی کوئی بات ایجنڈے پر نہیں، سسٹم کامیاب ہے۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ پنجاب میں ترقی پر آزاد کشمیر کے لوگوں نے مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیا، پیپلزپارٹی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی پروپیگنڈا کرتے ہوئے داخل ہوئی، امید ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات کے اگلے مرحلے میں 10 نشستوں میں 7 ہم جیت جائیں گے، آزاد کشمیر انتخابات کے تیسرے مرحلے کے بعد پیپلزپارٹی نتائج کو تسلیم کرلے گی۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو اچھی طرح معلوم ہے کہ یہ الیکشن فری اینڈ فیئر ہوئے ہیں، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں اتحادی نہیں اپنی حکومت بنائیگی۔ نئے صوبوں سے متعلق سوال پر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ن لیگ کا ایسا کوئی اجلاس نہیں ہوا جس میں نئے صوبوں سے متعلق واضح موقف اپنایا گیا ہو، نئے صوبوں سے متعلق کوئی بات ابھی ایجنڈے پر نہیں، پارلیمانی جمہوری نظام اور 1973 کے ا?ئین میں کوئی کمی نہیں، یہی نظام گزشتہ 50، 60 سال سے پورے ملک کو سنبھالے ہوئے ہے، بہت سے مسائل آئے، مارشل لا اور آمریت بھی آئی، آئین نے ملک اور وفاق کو جوڑے رکھا۔
رانا ثنا اللہ کا مزید کہنا تھا کہ اس نظام میں کمی نہیں، کمی ہم میں ہے جو ہم نے اس آئین پر عمل نہیں کیا، ہم اس نظام اور آئین پر سچائی کے ساتھ عمل کریں تو یہ ڈیلیور کرے گا، ہم آئین کی خلاف ورزی کریں، نظام کو ا?سیب کی طرح جکڑے رکھیں تو یہ کام کیسے کرے گا، یہی سسٹم اور یہی آئین نصف صدی تک کامیاب رہا آئندہ بھی کامیاب ہوگا۔
نئے صوبوں کی کوئی بات ایجنڈے پر نہیں، یہی سسٹم کامیاب ہے اور رہیگا: رانا ثناءاللہ


















