کاکروچوں کے اکٹھے ہونے سے پہلے نظام درست کریں، محسن نقوی

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے مانیں یا نہ مانیں جس سسٹم میں رہ رہے ہیں وہ گر چکا ،نئے انتظامی یونٹس یا صوبے ہی مسائل کا حل، معاملہ عوام کے پاس لے جانا ہوگا،کاکروچوں کے اکٹھے ہونے سے پہلے نظام درست کریں۔

پاکستان کی پہلی اکنامک سمٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کوشش ہوتی ہے سیاسی تقریر نہ کروں مگر اب تھوڑی سی سیاسی تقریر کرنا پڑےگی،تمام صوبوں کے شرکا نے اپنے مسائل بتائے، سب جمہوریت چاہتے ،جمہوریت کے اندر بھی 3، 4نظام ہیں،مسائل کے حل کےلئے سسٹم میں اصلاحات ضروری ہیں، سیاسی نظام چلانے والے ہال میں موجود ، سیاسی نظام کو فنڈنگ کرنے والے بھی بیٹھے ہیں، کوئی کسی مجبوری اور کوئی کسی مجبوری میں فنڈنگ دیتا ہے جس دن آپ لوگوں نے فیصلہ کر لیا نظام ٹھیک ہو جائے گا، نظام میں ہر چیز بری نہیں۔

محسن نقوی نے کہاعام آدمی کو بنیادی سہولیات نہیں دے پاتے ابھی تک لوگ 10 گھنٹے سفر کر کے عدالت جاتے ہیں،صوبوں کے معاملے کو عوامی سطح پر لےکر جانا ہوگا،نئے یونٹ بنانے سے نئی لیڈرشپ سامنے آئے گی، تمام سیاسی جماعتوں کو ایک کمرے میں بیٹھنا پڑے گا، نئے صوبوں سے لے کر ملک کے ایک ایک ایشو کو حل کرنا پڑے گا، جب تک اکٹھے نہیں بیٹھیں گے ملک اسی حالت میں رہے گا،نوجوانوں کو لیپ ٹاپ ،ٹیبلٹ دے کر خوش نہیں کیا جا سکتا، نوجوان چاہتے ہیں سسٹم کو ٹھیک کیا جائے ،جائز طریقے سے ملازمت ملے، نوجوان نسل نوکریاں اور اپنا حق مانگتی ہے، کاکروچ اگر اکٹھا ہو گیا تو ہر چیز الٹ سکتا ہے۔

محسن نقوی نے کہاوزیراعظم شہباز شریف 12 سے 14 گھنٹے کام کرتے ہیں، 18 گھنٹے بھی کام کریں تو صرف فائر فائٹنگ کر رہے ہوتے ہیں، سوال ہے چیزوں کو کون ٹھیک کرے گا، کیوں صرف سیاسی جماعت کی سوچ تک رہ گئے ،خدارا سیاسی جماعتیں ملک کا اندرونی نظام بھی ٹھیک کریں، سسٹم کو ری سیٹ کرنے تک بہتری نہیں آئے گی۔